ملک میں بجلی کا شارٹ فال 4 ہزار میگاواٹ سے تجاوز کردیا

ملك میں بجلی كی طلب 17 ہزار 145 جب کہ پیداوار 12 ہزار 930 میگاواٹ ہے، ذرائع

ملك میں بجلی كی طلب 17 ہزار 145 جب کہ پیداوار 12 ہزار 930 میگاواٹ ہے، ذرائع، فوٹو؛ فائل

ملک میں بجلی کا شارٹ فال 4 ہزار میگاواٹ سے تجاوز کرگیا جس کے باعث عوام کو اس بار بھی گرمیوں میں گھنٹوں لوڈشیڈنگ کا عذاب جھیلنا پڑے گا۔

نمائندہ ایكسپریس كو دستیاب دستاویز كے مطابق وفاقی حكومت نے رواں سال دسمبر تك مجموعی طور پر 5 ہزار 710 میگاواٹ اضافی بجلی سسٹم میں شامل كرنے كا منصوبہ تیار كیا ہے جس كے تحت اپریل میں بھگی پاور پلانٹ سے 760میگاواٹ، مئی میں گدو سے 335 اور ساہیوال پاور پلانٹ سے 660 میگاوا ٹ اضافی بجلی سسٹم میں شامل كی جائے گی۔ اسی طرح جون میں چشنوپ سے 315 میگاواٹ اورجولائی میں حویلی بہادر شاہ پاورپلانٹ سے 380 میگاواٹ جب كہ اگست میں حویلی بہادر شاہ گیس ٹربائن ٹو سے 380 میگاواٹ اور ساہیوال پاور پلانٹ گیس ٹربائن ٹو سے 660 میگاواٹ بجلی حاصل كی جائے گی۔


دستاویز كے مطابق ستمبر اور اكتوبر میں بلوكی پاو ر پلانٹ سے مجموعی طور پر 740 میگاواٹ اضافی بجلی حاصل ہوگی، نومبر كے مہینے میں كوئی اضافی بجلی سسٹم میں شامل نہیں ہوگی جب كہ دسمبر میں پورٹ قاسم سے 660 میگاواٹ اور بلوكی سے 800 میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل كرنے كا منصوبہ تیار كیا گیا ہے۔

ذرائع كے مطابق اس وقت بھی ملك میں بجلی كا شارٹ فال 4 ہزار 215 میگاواٹ تك پہنچ چكا ہے اور ملك میں بجلی كی طلب 17 ہزار 145 میگاواٹ جب كہ پیدوار 12 ہزار 930 میگاواٹ سے تجاوز كر چكی ہے جس کے باعث بجلی كی طلب اور پیداوار میں فرق زیادہ ہونے كے سے شارٹ فال بڑھتا جا رہا ہے اور شارٹ فال میں اضافے كی وجہ سے شہری علاقوں میں 8 گھنٹے اور دیہی علاقوں میں 14 گھنٹے كی لوڈشیڈنگ كی جا رہی ہے۔
Load Next Story