امریکا روس تعلقات کس کروٹ بیٹھیں گے

شام میں کیمیائی حملوں پر پوری انسانیت نوحہ کناں ہے لیکن عالمی طاقتیں اس معاملے پر بھی سیاست چمکا رہی ہیں

فوٹو:فائل

دنیا کی دو بڑی عالمی طاقتوں کے مابین کشیدہ تعلقات پر اس وقت سب کی ہی نگاہیں ہیں کیونکہ لامحالہ اس کے اثرات پوری دنیا پر پڑیں گے، لیکن بظاہر امریکا اور روس کے درمیان اعتماد کی فضا بحال ہوتی دکھائی نہیں دیتی۔ روس کی جانب سے اس کا اظہار اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ہونے والے اجلاس میں بھی نظر آیا جب امریکا، برطانیہ اور فرانس کی جانب سے شام کے مبینہ کیمیائی حملے سے متعلق قرارداد کو روس نے ویٹو کر دیا۔ اس قرارداد میں شام سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ وہ حال ہی میں ہونے والے کیمیائی حملے پر ہونے والی تحقیقات میں تعاون کرے۔ دوسری جانب روس کے دورے پر گئے ہوئے امریکا کے وزیرخارجہ ریکس ٹلرسن نے کہا ہے کہ روس اور امریکا کے درمیان اعتماد کی کمی ہے، روس پر سے کوئی پابندی نہیں اٹھائی ہے۔ جب کہ روسی وزیرخارجہ سرگئی لاوروف کا کہنا ہے کہ روس، امریکا تعلقات میں غلط فہمیوں کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔


امریکا اور روس کے وزرائے خارجہ نے ماسکو میں ملاقات کی، لیکن کوئی مثبت نتائج فی الحال سامنے آتے دکھائی نہیں دے رہے۔ واضح رہے کہ امریکا اور روس کے باہمی روابط شام میں زہریلی گیس کے حملے کے بعد سے تناؤ کا شکار ہیں اور شامی صدر بشار الاسد امریکا اور روسی تعلقات میں ہڈی بن گئے ہیں۔ روس اور امریکا کی اعلیٰ قیادتیں ایک دوسرے پر الزام تراشی بھی کر رہے ہیں جس سے مفاہمت کی فضا مزید منتشر ہو رہی ہے۔ گزشتہ روز روسی صدر پیوتن نے اپنے امریکی ہم منصب ڈونلڈ ٹرمپ پر تنقید کی، جب کہ ٹرمپ نے کہا کہ انھیں سمجھ نہیں آ رہا کہ پیوتن کیسے شامی صدر کی حمایت کر رہے ہیں۔ دونوں ممالک کے مابین اعتماد کا فقدان بڑھا ہے اور خاص طور پر عسکری شعبے میں تعلقات تنزل کا شکار ہوئے ہیں۔ برطانوی میڈیا کے مطابق روس کے صدر پیوتن نے کہا ہے کہ ہمارے پاس خفیہ معلومات ہیں کہ امریکا شام میں جعلی کیمیائی حملوں کی تیاری کر چکا ہے۔

شام میں کیمیائی حملے انسانیت سوز اور لرزہ خیز ہیں، جن میں معصوم بچے اور بے گناہ عوام تڑپ تڑپ کر اپنی جان دے رہے ہیں، شام میں کیمیائی حملوں پر پوری انسانیت نوحہ کناں ہے لیکن عالمی طاقتیں اس معاملے پر بھی سیاست چمکا رہی ہیں۔ صائب ہو گا کہ دونوں بڑی طاقتیں اس انسانی مسئلے پر ایک پیج پر آئیں۔ دونوں عالمی طاقتوں کی مابین پاکستان بھی اہمیت کا حامل ہے، پاکستان کے نہ صرف امریکا سے دوستانہ روابط قائم ہیں بلکہ روس کے ساتھ بھی پاکستان کے تعلقات ایک نئی نہج پر جا رہے ہیں، ایسے میں پاکستان کو ان معاملات میں دیکھ بھال کر قدم رکھنا ہو گا اور دونوں عالمی طاقتوں میں شام میں انسانی المیہ کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
Load Next Story