شمالی کوریا نے امریکا کو ایٹمی حملے کی دھمکی دے دی

ہم پر نیوکلیئر حملہ کیا گیا تو ہم اپنے انداز سے ایٹمی حملہ کر کے جواب دینے کو تیار ہیں، شمالی کوریا

فوجی پریڈ میں شمالی کوریا نے آبدوز سے لانچ کیے جانے والے اپنے جدید ترین بیلسٹک میزائل کے علاوہ دو نئے بین البراعظمی بیلسٹک میزائل بھی دنیا کے سامنے پیش کیے ہیں۔ (فوٹو: فائل)

شمالی کوریا کے صدر کم جونگ اُن نے امریکا کو خبردار کیا ہے کہ اگر وہ بحیرہ شمالی چین میں پیش قدمی سے باز نہ آیا تو شمالی کوریا اس پر ''جوابی ایٹمی حملہ'' کردے گا۔

یہ دھمکی انہوں نے شمالی کوریا کے بانی کم اِل سُنگ کی 105 ویں سالگرہ کے موقع پر ہونے والی فوجی پریڈ کے بعد ایک بیان میں امریکا کو دی ہے۔ دفاعی مبصرین کا کہنا ہے کہ اس پریڈ میں شمالی کوریا نے اپنے روایتی اور غیر روایتی ہتھیاروں کی بھرپور نمائش کرتے ہوئے امریکا کو پیغام دیا ہے کہ وہ کسی بھی جنگ کےلیے مکمل طور پر تیار ہے۔


پریڈ کے بعد اپنی تقریر میں کم جونگ اُن کا کہنا تھا کہ ان کا ملک بھرپور جنگ کا جواب ایک بھرپور جنگ سے دینے کی پوری صلاحیت رکھتا ہے۔ دفاعی ماہرین کو خدشہ ہے کہ شمالی کوریا اس وقت یا تو ایٹمی ہتھیار بنا چکا ہے یا پھر اتنی صلاحیت ضرور حاصل کرچکا ہے کہ کسی بھی وقت ایٹمی ہتھیار بناسکے۔

پریڈ میں شمالی کوریا کا جدید ترین ''پوکک سونگ'' بیلسٹک میزائل پہلی بار دنیا کے سامنے پیش کیا گیا جسے آبدوز سے لانچ کیا جاتا ہے اور جو 1000 کلومیٹر دور اپنے ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

دفاعی ہتھیاروں کے ماہرین کا کہنا ہے کہ اس فوجی پریڈ میں نئی قسم کے دو اور بین البراعظمی بیلسٹک میزائل بھی لانچروں پر دکھائی دیئے لیکن یہ معلوم نہیں کہ انہیں آزمائشی طور پر فائر کیا جاچکا ہے یا نہیں۔
Load Next Story