رضا ربانی نے بطور چیرمین سینیٹ مستعفی ہونے کا فیصلہ واپس لے لیا اسحاق ڈار

وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے رضا ربانی سے ملاقات میں انہیں سینیٹ میں حکومتی وزرا کی آمد کی یقین دہانی کرائی

وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے رضا ربانی سے ملاقات میں انہیں سینیٹ میں حکومتی وزرا کی آمد کی یقین دہانی کرائی، فوٹو؛ ایکسپریس/ مدثر راجہ

وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے مذاکرات کے بعد رضا ربانی نے بطور چیرمین سینیٹ مستعفی ہونے کا فیصلہ واپس لے لیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سینیٹ میں قائد ایوان راجا ظفرالحق اور وزیرخزانہ وسینیٹر اسحاق ڈار نے چیرمین سینیٹ رضاربانی سے ملاقات کی جس میں سینیٹر شیری رحمان، عثمان کاکڑ اور اعظم موسٰی خیل بھی موجود تھے۔ حکومت نے چیرمین سینیٹ کے مطالبات تسلیم کرتے ہوئے انہیں یقین دہانی کرائی کہ ایوان بالا میں وزرا کی دوبارہ عدم حاضری کی نوبت نہیں آئے گی جب کہ وزیراعظم خود سینیٹ میں وزرا کی حاضری کی نگرانی کریں گے۔


اس خبر کو بھی پڑھیں؛ چیرمین سینیٹ اجلاس میں حکومتی وزراء کی عدم حاضری پر برہم

اس موقع پر وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی جانب سے سینیٹ میں وزرا کی حاضری کی یقین دہانی کروانے کے بعد چیرمین سینیٹ رضا ربانی نے ناراضی ختم کردی اور وزیراعظم کے پیغام پر اپنا فیصلہ واپس لے لیا ہے جس کے بعد وہ بطور چیرمین سینیٹ کام کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ رضا ربانی پیر کو سینیٹ کا اجلاس بلائیں گے جب کہ وزیراعظم پیر کو وزرا کو حاضری کی ہدایت کریں گے۔

واضح رہے کہ چیرمین سینیٹ رضا ربانی نے سینیٹ اجلاس کے دوران حکومتی وزرا کی عدم شرکت پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے احتجاجاً اجلاس ملتوی کر دیا تھا اور حکومت کو استعفے کی پیشکش کی تھی۔
Load Next Story