طاہرالقادری گئے تھے حکومت گرانے بمشکل عزت بچاکرواپس آئےنوازشریف

میں نے پہلے ہی کہا تھا "پلے نئیں دھیلا کردی میلہ میلہ"، سیاست بچانی ہے یا ریاست ایسی باتیں کرنے والے بہت ہیں

مسلم لیگ(ن)پیرپگارا کے ساتھ مل کرپاکستان کو مسائل سے نجات دلائے گی،نوازشریف فوٹو: ایکسپریس نیوز

مسلم لیگ (ن) کے صدر نوازشریف نے کہا کہ نگراں حکومت پر کسی قسم کا مک مکا قبول نہیں کریں گے،ڈاکٹر طاہرالقادری گئے تھے اسلام آباد حکومت گرانے بمشکل عزت بچاکرواپس آئے۔

رائے ونڈ میں پیرپگارا نے نواز شریف سے ان کے بھائی عباس شریف کی وفات پرتعزیت کی اس کےبعد دونوں رہنماؤں نے میڈیا سے بات کی، نوازشریف نے میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں نے پہلے ہی کہا تھا "پلے نئیں دھیلا کردی میلہ میلہ"، سیاست بچانی ہے یا ریاست ایسی باتیں کرنے والے بہت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نگراں وزیراعظم پرحکومت طاہرالقادری سے مشاورت کرے گی جس کا مطلب ہے کہ طاہرالقادری اب حکومت کے اتحادی ہوچکے ہیں۔


نوازشریف نے کہا کہ مسلم لیگ(ن)پیرپگارا کے ساتھ مل کرپاکستان کو مسائل سے نجات دلائے گی،ہم مفادات کی نہیں پاکستان کی بات کرتے ہیں جس کے لئے پیر پگارا کے ساتھ اتحاد کو مزید مضبوط بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں حکومت میرٹ کا کوئی خیال نہیں کرتی اپنے ہی لوگوں کو نوکری دی جاتی ہے اوروہ بھی پیسوں کے عوض، سندھ میں سیلاب آیا لوگوں کا سب کچھ تباہ ہوگیا لیکن سندھ اوروفاق میں بیٹھے حکمران ان کی مدد کو نہ آئے،ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ لوگوں کے مسائل حل کرے، سندھ پیپلزلوکل گورنمنٹ آرڈینینس دراصل صوبے کو تقسیم کرنے کی سازش ہے اورمسلم لیگ(ن) سندھ کو تقسیم کرنے کی کسی بھی سازش کو ناکام بنادے گی۔

اس موقع پرپیر پگارا نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر حالات کا جائزہ لینا چاہئے، سندھ کی صورتحال انتہائی خطرناک ہے، انہوں نے کہا کہ 1970 اور موجودہ صورتحال میں کوئی فرق نہیں اس صورتحال میں سب کو گلے شکوے بھلا کر نیک نیتی کے ساتھ چلنا ہوگا۔

Recommended Stories

Load Next Story