برطانوی وزیراعظم نے قبل از وقت انتخابات کا اعلان کردیا

قبل از وقت انتخابات ملکی مفاد میں ہیں بریگزٹ کے بعد ملک کو مضبوط لیڈر کی ضرورت ہے، تھریسا مے

انتخابات ملک میں استحکام لانے کاواحد راستہ ہیں، برطانوی وزیراعظم۔ فوٹو : فائل

KARACHI:
برطانوی وزیراعظم تھریسامے نے ملک میں 8 جون کو قبل از وقت انتخابات کا اعلان کردیا ہے۔

برطانوی وزیراعظم تھریسامے نے ملک میں 8 جون کو قبل از وقت انتخابات کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابات بریگزٹ کی کامیابی کے لیے اہم ہیں۔ اپنی رہائش گاہ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں برطانوی وزیراعظم تھریسامے کا کہنا تھا کہ انتخابات ملکی مفاد میں ہیں اور ہمیں انتخابات کی ضرورت ہے۔ بریگزٹ کے بعد کی صورتحال کے لیے برطانیہ کو ایک مضبوط لیڈر چاہیے جب کہ انتخابات ملک میں استحکام لانے کاواحد راستہ ہیں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : برطانوی وزیراعظم نے یورپی یونین سے علیحدگی کے خط پردستخط کردیے


برطانوی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قبل از وقت انتخابات کی کابینہ منظوری دے چکی ہے لیکن پارلیمنٹ سے منظوری کے لیے کل رائے شماری کی جائے گی جہاں قبل از وقت انتخابات کے لیے تھریسامے کو دو تہائی اکثریت درکار ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : برطانوی عوام کا یورپی یونین سے علیحدگی کے حق میں تاریخی فیصلہ

واضح رہے کہ گزشتہ سال برطانیہ کے یورپی یونین کا حصہ رہنے یا علیحدہ ہونے کے حوالے سے ہونے والے ریفرنڈم میں برطانوی عوام نے یورپی یونین پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے یورپی اشتراک سے علیحدگی کے حق میں فیصلہ دیا تھا،برطانوی پارلیمنٹ کے دارالامراء (ہاؤس آف لارڈز) اور دارالعوام (ہاؤس آف کامنز) بھی بریگزٹ بل کی منظوری دے چکے ہیں اورملکہ برطانیہ دوئم نے بھی یورپی یونین سے علیحدگی کے بل پر دستخط کردیے تھے جس کے بعد بریگزٹ بل قانونی شکل اختیار کرگیا ہے۔
Load Next Story