بڑھتی لوڈشیڈنگ پر وزیراعظم وزارت پانی و بجلی کے اعلیٰ حکام پر برہم

بجلی کی قلت پر قابو پانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں، وزیراعظم نوازشریف کی حکام کو ہدایت

بجلی کی قلت پر قابو پانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں، وزیراعظم نوازشریف کی حکام کو ہدایت، فوٹو؛ فائل

PESHAWAR:
وزیراعظم نوازشریف نے ملک میں بڑھتی لوڈشیڈنگ پر وزارت پانی و بجلی کی کارکردگی پرعدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اعلیٰ حکام پر برہمی کا اظہار کیا۔



ایکسپریس نیوز کے مطابق اسلام آباد میں وزیراعظم کی زیرصدارت توانائی سے متعلق کابینہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم نوازشریف نے متعلقہ محکموں کی غفلت پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ محکموں نے موسم کی شدت اور ڈیموں میں پانی کی کمی کے تناظر میں احتیاطی اقدامات کیوں نہیں اٹھائے جس پر وزارت پانی وبجلی کے عہدیدار کا کہنا تھا کہ گرمی کی شدت بڑھنے اور ڈیموں میں پانی کم ہونے کی وجہ سے بجلی کی طلب میں اچانک اضافہ ہوا۔


اس خبر کو بھی پڑھیں: ملک میں بدترین لوڈشیڈنگ، شارٹ فال 7000 میگاواٹ سے تجاوز کرگیا



وزیراعظم نوازشریف نے پانی وبجلی کی وزارت کی کارکردگی پرعدم اطمینان کا اظہارکرتے ہوئے وزارت کے اعلیٰ حکام پر برہمی کا بھی اظہار کیا جب کہ بجلی کی قلت پر قابو پانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے اور غفلت برتنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں کمی کے ذریعے صارفین کو ریلیف دیا جانا چاہیے۔ اجلاس میں وزارت پانی وبجلی کے حکام نے وزیراعظم کو یقین دلایا کہ مستقبل قریب میں ڈیموں میں پانی کی سطح میں اضافے سے پن بجلی کی پیداوار بڑھے گی۔
Load Next Story