پاناما کیس کا فیصلہ آج سنایا جائے گا

سپریم کورٹ نے پاناما کیس کا فیصلہ 23 فروری کو محفوظ کیا تھا

سپریم کورٹ نے پاناما کیس کا فیصلہ 23 فروری کو محفوظ کیا تھا، فوٹو؛ فائل

سپریم کورٹ کی جانب سے پاناما کیس کا فیصلہ آج سنایا جائے گا۔



ایکسپریس نیوز کے مطابق سپریم کورٹ کی جانب سے جاری ضمنی کاز لسٹ کے مطابق پاناما کیس کا محفوظ فیصلہ آج دوپہر 2 بجے سنایا جائے گا۔ جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 5 رکنی لارجر بینچ نے کیس کی سماعت کی، بینچ میں جسٹس اعجاز افضل خان، جسٹس گلزار احمد، جسٹس عظمت سعید اور جسٹس اعجاز الحسن شامل ہیں، لارجر بینچ نے 26 سماعتیں مکمل ہونے کے بعد 23 فروری کو کیس کا فیصلہ محفوظ کیا تھا جو اب تقریبا 2 ماہ بعد سنایا جائے گا۔ پاناما کیس کے فیصلے کے موقع پر سپریم کورٹ میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے جائیں گے جب کہ عدالت میں داخلہ خصوصی پاس کے ذریعے ہوگا۔ اس کے علاوہ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے بھی اسلام آباد انتظامیہ کو شہر میں فول پروف سیکیورٹی انتظامات کی ہدایات دی ہیں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: پاناما کیس کا ایسا فیصلہ دیں گے جو صدیوں یاد رکھا جائے گا، سپریم کورٹ



پاناما کیس میں چیرمین تحریک انصاف عمران خان نے وزیراعظم نوازشریف کی نااہلی کے لیے درخواست دائر کی تھی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ وزیراعظم نوازشریف نے اپنے اثاثوں سے متعلق غلط بیانی کی ہے اور انہوں نے لندن میں فلیٹ جائیداد منی لانڈرنگ کے ذریعے خریدے جب کہ جماعت اسلامی اور شیخ رشید بھی کیس میں فریقین ہیں، سپریم کورٹ میں وکلا نے دلائل مکمل کیے تھے جس کے بعد عدالت عظمیٰ نے کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔



سپریم کورٹ میں اورنج لائن ٹرین منصوبہ کیس کی سماعت کے دوران پاناما کیس کے بینچ میں شامل جسٹس اعجاز افضل نے ریمارکس دیئے تھے کہ پاناما کیس میں ایسا فیصلہ دیں گے جو صدیوں یاد رکھا جائے گا۔


اس خبر کو بھی پڑھیں: فوج بھی ہرپاکستانی کی طرح پاناما کیس کے فیصلے کی منتظرہے، آئی ایس پی آر



علاوہ ازیں ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر کی جانب سے بھی بیان سامنے آیا تھا کہ پاک فوج بھی ہر پاکستانی کی طرح پاناما کیس کے انصاف پر مبنی فیصلے کی منتظر ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: والد یا خاندان کے کسی بھی فرد کو کبھی بھی پریشان نہیں دیکھا، مریم نواز



دوسری جانب وزیراعظم نوازشریف کا کہنا ہےکہ پاناما کیس کا جو بھی فیصلہ آئے گا ہمیں منظور ہے کیونکہ ہمارا دامن صاف ہے اور ہم ملک کو آگے لے کر جانا چاہتے ہیں۔



ادھر چیرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ پاناما کیس كا اثر پورے پاكستان پر مرتب ہو گا اور اس کا فیصلہ پاكستان كی سیاست بدل كر ركھ دے گا، ہماری جدوجہد كے باعث كرپٹ اسٹیٹس كو لرز رہا ہے اور پورا ملك پاناما فیصلے كا شدت سے منتظر ہے۔ انہوں نے کہا میں سمجھتا ہوں کہ پاناما کیس میں تحریك انصاف نے تاریخی جدوجہد كی ہے اور آج اس مقام پر پہنچ كر میں اپنے ہر كاركن كو خراج تحسین پیش كرتا ہوں، پاكستان كا مستقبل آج تحریك انصاف كی راہ تك رہا ہے۔

[poll id="1360"]
Load Next Story