ممنوعہ ادویات کا استعمال آرمسٹرونگ نے اعتراف کرلیا

ٹور ڈی فرانس ریس میں7فتوحات اسی کی مرہون منت تھیں، امریکی سائیکلسٹ

یہ سب کچھ ایک بہت بڑا جھوٹ تھا جو میں نے بار بار بولا، امریکی سائیکلسٹ۔ فوٹو: فائل

امریکی سائیکلسٹ لانس آرمسٹرونگ نے پہلی بار عوامی سطح پر ممنوعہ قوت بخش ادویات کے استعمال کا اعتراف کر لیا ہے۔

انھوں نے ٹور ڈی فرانس سائیکل ریس میں اپنی 7 فتوحات کو انہی ادویات کی مرہونِ منت قرار دیا،آرمسٹرونگ نے کہا کہ ان کے بغیر وہ یہ کامیابیاں حاصل نہیں کر سکتے تھے۔امریکی ٹی وی کے مقبول پروگرام ''اوپرا ونفری شو'' میں انٹرویو کے دوران امریکی سائیکلسٹ نے کہا کہ یہ سب کچھ ایک بہت بڑا جھوٹ تھا جو میں نے بار بار بولا،انھوں نے خود کو خامیوں سے بھرپور شخصیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے فیصلے میں نے خود کیے، وہ میری غلطیاں ہیں اور میں ان پر معذرت خواہ ہوں۔ ان دنوں یہ اطلاعات زیرگردش ہیں کہ آرمسٹرونگ کھیل میں دوبارہ واپس آنا چاہتے ہیں اور اسی لیے اعترافِ جرم کیا ہے۔


یاد رہے کہ کارکردگی بڑھانے والی ادویات کی روک تھام کے عالمی ادارے کے قوانین میں یہ گنجائش موجود ہے کہ اگر ملزم کھلاڑی اعتراف جرم کر لے تو مخصوص حالات میں اس پر لگائی گئی پابندیاں نرم کی جا سکتی ہیں۔ لانس آرمسٹرونگ نے ماضی میں ڈوپنگ کے الزامات کو ہمیشہ غلط قرار دیا لیکن خود پر امریکا میں کارکردگی بڑھانے والی ادویات کی روک تھام کے ادارے یوساڈا کی جانب سے لگائے جانے والے الزامات پر جرح بھی نہیں کی، البتہ ان کے وکیل نے اس رپورٹ کو یکطرفہ قرار دیا تھا۔



یوساڈا نے آرمسٹرونگ اور ان کی ٹیم پر الزام عائد کیا تھا کہ انھوں نے ڈوپنگ کا ایسا جدید، پیشہ ورانہ اور کامیاب طریقہ اپنایا جو اب تک کھیل کی دنیا میں دیکھنے کو نہیں ملا ہے،اس کے بعد معاملہ انٹرنیشنل سائیکلنگ یونین کو بھجوا دیا گیا تھا،اس نے رپورٹ کو تسلیم کرتے ہوئے آرمسٹرانگ سے ٹور ڈی فرانس ریس کے 7 ٹائٹلز سمیت تمام اعزازات واپس لینے کا اعلان کیا تھا، سائیکلسٹ نے فیصلے کیخلاف اپیل بھی نہیں کی تھی، حال ہی میں انھوں نے اپنے ادارے 'لیو اسٹرونگ فاؤنڈیشن' کے عملے سے معذرت بھی کی ہے۔
Load Next Story