ن لیگ کراچی میں جرائم پیشہ افراد کو ساتھ ملائے نبیل گبول

پارٹی نے نکالا تو نکل جائوں گا، ن لیگ میں شامل نہیں ہورہا، خونی الیکشن کا خدشہ ہے

انتخابات سے قبل کراچی میں آپریشن کرنا ہوگا، نوازشریف سے ملاقات کے بعدگفتگو۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD:
پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما نبیل گبول نے کہا ہے کہ میں مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار نہیں کررہا۔

پارٹی نے خود نکالا تو چھوڑ دوں گا۔ کراچی میں خونی انتخابات ہونے کا خدشہ ہے، پیپلز پارٹی کے سوا ہر جگہ مجھے عزت ملتی ہے۔وہ جمعہ کو رائے ونڈ میں مسلم لیگ ن کے سربراہ میاں نواز شریف سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کررہے تھے۔ نبیل گبول نے کراچی میں ایم کیو ایم کے ایم پی اے منظر امام کے قتل کی مذمت کی۔ نبیل گبول نے کہا کہ میں میاں نواز شریف کے پاس میاں عباس شریف کے انتقال پر تعزیت کے لیے آیا تھا۔




انھوں نے کہا کہ نواز شریف سے ملاقات میں قومی معاملات پر بات چیت ہوئی، میں نے ان سے کہا ہے کہ اگر کراچی سے کچھ سیٹیں نکالنی ہیں تو جرائم پیشہ افراد کے سر پر ہاتھ رکھنا ہوگا ۔ نبیل گبول نے کہا کہ الیکشن سے پہلے کراچی میں آپریشن کلین اپ ہونا چاہیے۔ کراچی کا امن اس وقت تک ممکن نہیں جب تک کریمنلز کیخلاف آپریشن نہیں ہوتا۔انھوں مزید کہا کہ نواز شریف نے ٹکٹ کی پیشکش کی ہے، جب میں کاغذات نامزدگی جمع کرائوں گا تو وہاں لکھوں گا کہ کس جماعت سے الیکشن لڑ رہا ہوں۔ نبیل گبول نے کہا کہ کراچی میں خونی انتخابات دیکھ رہا ہوں۔ شہر سیاسی جماعتوں کے ہاتھوں سے نکل کر دہشت گرد عناصر کے ہاتھوں میں چلا گیا ہے۔
Load Next Story