کلبھوشن کے خلاف شفاف انداز میں تحقیقات کی گئیں ترجمان دفتر خارجہ

لیفٹیننٹ کرنل (ر) حبیب ظاہر کے معاملے میں دشمن ایجنسیوں كے كردار كو نظر انداز نہیں كرسكتے، نفیس ذکریا

لیفٹیننٹ کرنل (ر) حبیب ظاہر کے معاملے میں دشمن ایجنسیوں كے كردار كو نظر انداز نہیں كرسكتے، نفیس ذکریا، فوٹو؛ فائل

دفتر خارجہ كے ترجمان نفیس ذكریا کا کہنا ہےکہ كل بھوشن یادیو ایك بھارتی جاسوس ہے اس كے خلاف پاكستان میں جاسوسی، تخریبی اور دہشت گردی كی سرگرمیوں كے الزامات كی شفاف انداز میں تحقیقات كی گئیں۔

دفتر خارجہ میں ہفتہ واربریفنگ دیتے ہوئے نفیس ذکریا نے ڈان لیکس کے معاملے پر طارق فاطمی كو معاون خصوصی كے عہدے سے ہٹانے كی خبر پر تبصرے سے گریز كیا جب کہ اس موقع پر انہوں نے مقبوضہ كشمیر میں بھارتی فورسز كی جانب سے تعلیمی اداروں اور طلبا كے خلاف باضابطہ جنگ شروع كرنے كی شدید مذمت کی اور اس عزم كا اعادہ كیا كہ بھارتی مظالم اور قتل عام كشمیریوں كو حق خود ارادیت کے لیے جائز جدوجہد سے روك نہیں سكتی ہیں، پاكستان كشمیریوں كی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری ركھے گا۔


ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارتی جاسوس كلبھوشن یادیو كو قونصلر رسائی كا فیصلہ میرٹ پر كیا جائے گا، کلبھوشن کے معاملے پر عدالتی فیصلے پر بھارتی رد عمل اور اشتعال انگیز بیانات انتہائی مایوس كن اور پاكستان میں دہشت گردی اور تخریبی كارروائیوں میں بھارت كے ملوث ہونے كا واضح ثبوت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت كی جانب سے بھارت میں اپنی سزا مكمل كرنے والے پاكستانی قیدیوں كو روك لینا مایوس كن ہے جب کہ كلبھوشن یادیو بیشمار پاكستانیوں كے قتل كا ذمہ دار ہے، پاكستانی ڈپٹی ہائی كمشنر كو طلب كركے بھارت نے كلبھوشن یادیو كے معاملے پر اپنا ردعمل دیا، قونصلر رسائی كے معاملے پر اپنا ردعمل دے چكے ہیں، لازم نہیں كہ ہر قیدی تك رسائی دی جائے۔

نفیس ذکریا کا کہنا تھا کہ كلبھوشن یادیو ایك بھارتی جاسوس ہے اس كے خلاف پاكستان میں جاسوسی، تخریبی اور دہشت گردی كی سرگرمیوں كے الزامات كی شفاف انداز میں تحقیقات كی گئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے سمجھوتہ ایكسپریس دہشتگردی كا معاملہ مختلف مواقع پر بھارتی قیادت سے اٹھایا ہے، سوامی آسیم آنند نے عوامی مقامات پر اعتراف كیا كہ وہ سمجھوتہ ایكسپریس دہشت گردی كا ماسٹر مائنڈ ہے، اس نے كرنل پروہت كے سمجھوتہ ایكسپریس دہشت گردی میں ملوث ہونے كا بیان دیا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ لیفٹیننٹ كرنل ریٹائرڈ حبیب ظاہر 6 اپریل سے لمبینی نیپال سے لاپتا ہیں ان كو جعلی ای میل كے ذریعے پھنسایا گیا، معاملے میں دشمن ایجنسیوں كے كردار كو نظر انداز نہیں كرسكتے۔
Load Next Story