فیڈرر 250 گرینڈ سلم میچز جیتنے والے پہلے مرد پلیئرز بن گئے

آسٹریلین اوپن کے پری کوارٹر فائنلز میں رسائی، ڈیل پوٹرو کو مات، معمر جاپانی پلیئر کمیکو ڈیٹ کروم کا سفر بھی ختم۔

میلبورن: آسٹریلین اوپن کے تیسرے رائونڈ میں سوئس پلیئر راجر فیڈرر میزبان اسٹار برنارڈ ٹومک کوگیند ریٹرن کررہے ہیں، وہ یہ مقابلہ جیت کر پری کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے۔ فوٹو: اے ایف پی

سوئس اسٹار راجر فیڈرر 250 گرینڈ سلم میچز جیتنے والے پہلے مرد پلیئر بن گئے، وہ مقامی اسٹار برنارڈ ٹومک کو پچھاڑ کر آسٹریلین اوپن کے پری کوارٹر فائنلز میں پہنچ گئے۔

اینڈی مرے نے بھی ریکارڈس بیرانکس کی دیوار گرادی، فرنچ مین جیمری چارڈی نے حیران کن طور پر ارجنٹائن کے 6 سیڈ جوآن مارٹن ڈیل پوٹرو کو پچھاڑ دیا، مارن کلک کو آندرے سیپی کے ہاتھوں مات ہوگئی، معمر جاپانی پلیئر کمیکو ڈیٹ کروم کا سفر تیسرے رائونڈ میں اختتام پزیر ہوگیا۔

ایومی موریتا کو سرینا ولیمز نے باآسانی قابو کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق سوئس ٹینس اسٹار راجر فیڈرر آسٹریلین اوپن کے تیسرے رائونڈ میں میزبان پلیئر ٹومک کو زیر کرنے کے ساتھ ہی 250 گرینڈ سلم میچز جیتنے والے پہلے مرد کھلاڑی بن گئے، انھوں نے مسلسل 12 ویں سال ایونٹ کے پری کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کی، فیڈرر نے ٹومک کے خلاف 6-4، 7-6(7/5) اور 6-1 سے کامیابی حاصل کی، ان کا 20 سالہ 43 رینکڈ پلیئر کے ساتھ مقابلہ تقریباً دو گھنٹے تک جاری رہا۔


فیڈرر اب فائنل 16 میں کینیڈا کے 13 سیڈ ملوس رائونک سے پیر کو مقابلہ کریں گے، وہ اب تک 17 گرینڈ سلم ٹائٹلز حاصل کر چکے جبکہ پانچویں مرتبہ آسٹریلین اوپن جیتنے کی کوشش میں مصروف ہیں۔ تھرڈ سیڈ برٹش اسٹار اینڈی مرے نے تیسرے رائونڈ میں اپنے لیتھوانین پریکٹس پارٹنر ریکارڈس بیرانکس کو 6-3، 6-4 اور 7-5 سے زیر کیا، دن کا بڑا اپ سیٹ 36 رینکڈ چارڈی کے ہاتھوں ہوا جنھوں نے ڈیل پوٹرو کو 6-3، 6-3، 6-7 (3/7)، 3-6 اور 6-3 سے قابو کیا۔ اٹلی کے 21 سیڈ آندریس سیپی نے کروشیا کے 12 سیڈ مارن کلک کو پچھاڑا۔



فرانس کے جوئے ویلفریڈ سونگا اور ان کے ہموطن رچرڈ گیسکوئٹ بھی پری کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے ۔ ویمنز سنگلز میں سرینا ولیمز نے جاپان کی ایومی کو 6-1 اور 6-3 سے شکست دی، جاپان ہی کی 42 سالہ ڈیٹ کروم کو سربیا کی بوجانا جووانوکسی نے 6-2 اور 7-6(7/3) سے قابو کیا۔ ان دونوں جاپانی خواتین کی شکست کے بعد اب آسٹریلین اوپن میں لینا اور کائی نیشکوری کی صورت میں صرف دو ایشیائی پلیئرز باقی رہ گئے۔

ماریا کریلنکو نے یانیا وکمائر کو شکست دی، روس ہی کی سویٹلانا کزنٹسوا نے اسپین کی کارلا سوریز کو قابو کیا۔ ٹاپ سیڈ اور دفاعی چیمپئن وکٹوریہ آذرنیکا نے جیمی ہیمپٹن کو مات دی۔ ڈنمارک کی کیرولین ووزینسکی بھی یوکرین کی لیسییا تسرینکو پر قابو پانے میں کامیاب رہیں۔ اٹلی کی 16 سیڈ روبریٹا ونسی کی کہانی تیسرے رائونڈ میں روس کی الینا ویسنینا نے ختم کردی۔
Load Next Story