ایزی پیسہ کے ذریعے یوٹیلٹی اسٹورزسے خریداری ممکن بنانے کا معاہدہ

ٹیلی نار مائیکروفنانس بینک کے صدر اور سی ای او اور یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹرنے معاہدے پر دستخط کیے۔

ٹیلی نار مائیکروفنانس بینک کے صدر اور سی ای او اور یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹرنے معاہدے پر دستخط کیے۔ فوٹو: فائل

ٹیلی نار مائیکروفنانس بینک نے یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن (یو ایس سی) کے ساتھ ملک بھر میں یوٹیلٹی اسٹورز پر موبائل منی سروس ایزی پیسہ کی فراہمی کا معاہدہ طے کرلیا ہے۔

اسلام آباد میں منعقدہ تقریب میں ٹیلی نار مائیکروفنانس بینک کے صدر اور سی ای او علی ریاض چوہدری اور یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر وسیم مختار چوہدری نے معاہدے پر دستخط کیے۔ اس موقع پر دونوں اداروں کی متعلقہ انتظامی افسران بھی موجود تھے۔


اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ٹیلی نار مائیکروفنانس بینک کے صدر اور سی ای او علی ریاض چوہدری نے کہا ہمیں پاکستان میں اولین موبائل منی سروس متعارف کرانے کا اعزاز حاصل ہے جس کے موبائل اکائونٹ کسٹمرز کی تعداد 9.2ملین تک پہنچ چکی ہے۔ ہم اس شراکت داری کو مستقبل میں مزید فروغ دیتے ہوئے اپنی خدمات کا دائرہ ٹول کی ادائیگی، گورنمنٹ ٹو پبلک ادائیگیوں، قرضوں کی ادائیگی اور اجراء اور انشورنس کی ادائیگیوں تک وسیع کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

دوسری جانب یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر وسیم مختار چوہدری نے کہا کہ پاکستان کے سب سے بڑے ریٹیل چین کی حیثیت سے ہم اپنے صارفین کو بھرپور ورائٹی اور سہولت فراہم کرنے کے خواہش مند ہیں اور ٹیلی نار مائیکروفنانس بینک کے ساتھ ہونے والی یہ شراکت داری ہمارے عزم کی تکمیل میں معاون ثابت ہوگی۔ ہم ٹیلی نار بینک کے مالی شمولیت کے مقاصد کی تعظیم کرتے ہیں اور مالیاتی خدمات سے محروم کروڑوں پاکستانیوں کو آسانی فراہم کرنے کے اس اعلیٰ مقصد میں حصہ دار بننا ہمارے لیے باعث فخر ہے۔
Load Next Story