آسٹریلیا اور سری لنکا کا میچ منسوخ تنازع کھڑا ہوگیا

میچ منسوخ قرار دیئے جانے پر سری لنکا اور آسٹریلیا کی ٹیموں کے کپتان بھی حیران نظر آئے۔

سری لنکن بولر نووان کولا سیکرا کی گیند لگنے سے آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر دہرے پڑے ہوئے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

آسٹریلیا اور سری لنکا کے درمیان چوتھا ون ڈے بارش کی وجہ سے منسوخ قرار دینے پر تنازع کھڑا ہوگیا۔مہمان کپتان مہیلا جے وردنے نے میچ ریفری سری ناتھ کے میچ ختم کرنے پر اعتراض کردیا، ان کا کہنا ہے کہ وہ اس بارے میں باقاعدہ وضاحت مانگیں گے۔

تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا اور سری لنکا کے درمیان چوتھا ون ڈے بارش کی وجہ سے منسوخ قرار دے دیا گیا، سڈنی میں کھیلے گئے اس میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 9 وکٹوں پر 222 رنز اسکور کیے، ڈیوڈ وارنر نے 60 جبکہ ٹیل اینڈر مچل اسٹارک نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے ناٹ آئوٹ 52 رنز اسکور کیے۔

نووان کولاسیکرا نے 3 جبکہ لسیتھ مالنگا، تشارا پریرا اور رنگانا ہیراتھ نے دودو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ جوابی اننگز میں ابھی سری لنکا نے بغیر وکٹ گنوائے 14 رنز ہی بنائے تھے کہ بارش شروع ہوگئی تاہم بعد ازاں میچ ریفری سری ناتھ اور امپائرز پال ریفیل اور ماریس ایراسمس نے کنڈیشنز کو 'غیرمنصفانہ' قرار دیتے ہوئے میچ ختم کرنے کا اعلان کردیا، اس سے اسٹیڈیم میں موجود 22 ہزار 521 تماشائیوں سمیت خود کپتان مہیلا جے وردنے بھی فرسٹریشن کا شکار ہوگئے۔




انھوں نے آئی سی سی آفیشلز کے اس فیصلے پر ناخوشی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ فیصلوں میں مستقل مزاجی ہونی چاہیے، تین ماہ قبل جب ہم نیوزی لینڈ سے کھیل رہے تھے اس وقت میچ ریفری اینڈی پیکرافٹ نے کنڈیشنز کو خطرناک قرار دیتے ہوئے میچ منسوخ کیا تھا جبکہ تین ماہ کے اندر ہی کنڈیشنز کو غیرمنصفانہ قرار دیا جارہا ہے۔ انھوں نے میچ دوبارہ شروع نہ کرنے کے فیصلے پر بھی حیرت ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں توقع تھی کہ اس موقع پر ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت ہمیں نیا ہدف دیا جاتا جسے ہم حاصل کرنے کی کوشش کرتے، سڈنی کرکٹ گرائونڈ جدید ترین سہولیات سے مزین ہے اس پر اس قسم کے فیصلے سمجھ سے بالاتر ہیں، اگر پانی کی نکاسی کا مناسب انتظام نہیں تو ہمارے ملک کی طرح پورے گرائونڈ کو ہی کورز سے ڈھانپ دینا چاہیے۔

یاد رہے کہ سری لنکا کو سیریز میں 2-1 کی برتری حاصل اور آسٹریلیا کو 222 پر محدود کرنے کے بعد اسے اپنی فتح کا امکان واضح دکھائی دے رہا تھا۔ آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک نے بھی آفیشلز کی جانب سے میچ کو منسوخ قرار دیے جانے پر حیرت ظاہر کی۔
Load Next Story