بڑھتی عمر سلمان بٹ کی سلیکشن میں رکاوٹ بن گئی

کارکردگی اچھی اور ٹیم کو ضرورت بھی ہو تو منتخب کیا جاسکتا ہے،چیئرمین بورڈ

پالیسی نوجوانوں کو ترجیح دینے کی ہے،استعفے کا تاحال کوئی جواب نہیں آیا۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

چیئرمین پی سی بی شہریار خان کا کہنا ہے کہ نوجوان کرکٹرز کو مواقع دینے کی پالیسی پر کاربند ہیں۔

راولپنڈی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے کہاکہ سلمان بٹ اور محمد آصف کی سلیکشن میں کوئی مسئلہ نہیں ہے،چیف سلیکٹر انضمام الحق کو بھی آگاہ کردیا کہ اگر کسی کی کارکردگی اچھی اور ٹیم کو ضرورت بھی ہوتو انھیں منتخب کیا جاسکتا ہے،مگر ہماری پالیسی نوجوان کرکٹرز کو ترجیح دینے کی ہے۔

چیئرمین بورڈ کا کہنا تھا کہ سلمان بٹ ڈومیسٹک کرکٹ میں کارکردگی کی بنا پر سلیکشن کے قریب تھے لیکن ان کی عمر35سال ہوچکی، پی سی بی مستقبل کیلیے نئے ٹیلنٹ کو مواقع دینے کی کوشش کررہا ہے، نوجوان کھلاڑیوں نے ویسٹ انڈیز کیخلاف ٹوئنٹی20اور ون ڈے میچز میں عمدہ پرفارم بھی کیا۔


شہریار خان نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کیلیے اسکواڈ کا اعلان جلد کیے جانے کی وجہ سے پاکستان ون ڈے کپ کے ٹاپ پرفارمرز نظر انداز ہوگئے، اس حوالے سے سوال پر انھوں نے کہا کہ کرکٹرز کے نام بھجوانے کی ڈیڈلائن آگئی تھی، سلیکٹرز نے بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب کیا لیکن آئندہ نوجوانوں کو مواقع دیے جاتے رہیں گے، انھوں نے بلوچستان کی جانب سے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے بیٹسمین صاحبزادہ فرحان کے ٹیلنٹ کی تعریف کرتے ہوئے ان کے روشن مستقبل کی نوید سنائی۔

علاوہ ازیں ایک سوال پر شہریار خان نے کہا کہ ڈیڑھ ماہ گزرنے کے باوجود وزیر اعظم کو بھجوائے جانے والے استعفے کا جواب نہیں آیا لیکن اس کا جواب جو بھی ہو، ایک بات طے ہے کہ میں آئندہ مدت کیلیے پی سی بی سے وابستہ نہیں رہوں گا۔

 
Load Next Story