پشاور چوکیوں پر حملے ناکام 4دہشت گرد گرفتار

20 سے 25 دہشتگردوں نے شیخان پولیس چوکی پر 3 اطراف سے حملہ کیا،جوابی کارروائی پرفرار

20 سے 25 دہشتگردوں نے شیخان پولیس چوکی پر 3 اطراف سے حملہ کیا،جوابی کارروائی پرفرار فوٹو: فائل

پشاورپولیس نے شیخان میں چوکی پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا ۔

بھاری ہتھیاروں سے مسلح 20 سے 25 دہشت گردوں نے اتوار کو شیخان میں واقع پولیس چوکی پر 3 اطراف سے حملہ کیا ۔ پولیس کی جوابی کارروائی پر دہشت گرد فرار ہو گئے۔ ادھر شدت پسندوں نے سربند میں ریاض شہید چوکی پر فائرنگ کی ۔ پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک حملہ آور زخمی ہوگیا جبکہ 4 کو گرفتار کرلیا گیا۔ مقامی پولیس نے گرفتاریوں کے حوالے سے لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔

بڈھ بیرمیں چلتی گاڑی پر فائرنگ سے محمد اقبال نامی شخص جاں بحق ہوگیا۔ باڑہ میں گھروں پر مارٹر گولے گرنے سے خاتون بچی سمیت زخمی ہوگئی۔ سرکاری حکام کے مطابق اتوار کے روز شلوبر کے علاقہ مسلم ڈھنڈ میں حیات خیل کے گھر پر مارٹر گولہ گرا جس سے اس کی5سالہ بیٹی زخمی ہوگئی جبکہ سپاہ کے علاقہ دوگرہ میں سٹیڈیم کے قریب ہارون کے مکان پر گولہ گرنے سے اسکی بیوی زخمی ہوگئی۔




 

پشاور سے جنرل رپورٹر کے مطابق دہشت گردی کے خدشہ کے پیش نظر باچہ خان ایئرپورٹ پر اے ایس ایف سپیشل کمانڈوز تعینات کردیے گئے ہیں جبکہ ہوائی اڈے پر جدید آلات اور ہتھیار بھی نصب کرنیکا فیصلہ کیا گیا ہے۔ شمالی وزیرستان کے علاقہ خیسو خیل ، ایپی اور خیسور میں شیلنگ سے خواتین وبچوں کی ہلاکت کیخلاف قبائل کا احتجاج جاری ہے۔ قبائلی رہنما ملک قیوم مداخیل نے مطالبہ کیا ہے کہ میرعلی کے متاثرین کو معاوضہ ادا کیا جائے۔
Load Next Story