یونس خان کے ٹیسٹ میں زیادہ کیچز محمد عباس بھی وسیم اکرم سے آگے نکل گئے

یونس خان نے برج ٹاؤن ٹیسٹ میں روسٹن چیس کو میدان بدر کرنے میں محمد عامر کی معاونت کرتے ہوئے کیریئر کا 136واں کیچ تھاما

محمد عباس نے کینسنگٹن اوول پر بہترین بولنگ کا وسیم اکرم کا ریکارڈ توڑ دیا۔ فوٹو؛ فائل

یونس خان زیادہ کیچز تھامنے والوں کی فہرست میں 12 ویں نمبر پر آگئے جبکہ بالر محمد عباس نے کینسنگٹن اوول پر بہترین بولنگ کا وسیم اکرم کا ریکارڈ توڑ دیا۔

یونس خان نے برج ٹاؤن ٹیسٹ میں روسٹن چیس کو میدان بدر کرنے میں محمد عامر کی معاونت کرتے ہوئے کیریئر کا 136واں کیچ تھاما، اس طرح وہ اس معاملے میں سابق بھارتی بیٹسمین وینکٹ لکشمن سے آگے نکل گئے، سب زیادہ 210کیچز کا ریکارڈ راہول ڈریوڈ نے قائم کررکھا ہے، سری لنکا کے سابق اسٹار مہیلا جے وردنے(205) دوسرے اور سابق جنوبی افریقی آل راؤنڈر جیک کیلس(200) تیسرے نمبر پر براجمان ہیں۔


دوسری جانب محمد عباس نے کینسنگٹن اوول پر بہترین بولنگ کا وسیم اکرم کا ریکارڈ توڑ دیا، انھوں نے 23 اوورز میں 56 رنز کے عوض 4 وکٹیں لیں۔ ان سے قبل برج ٹاؤن کے اس وینیو پر کسی پاکستانی فاسٹ بولر کی جانب سے بہترین بولنگ کا اعزاز وسیم اکرم کے پاس تھا جنھوں نے 1988 میں 73 رنز کے عوض 4 وکٹیں لی تھیں، سرفراز نواز نے بھی اس میدان پر 1977 میں 79 رنز دے کر چار وکٹیں لی تھیں۔ وقار یونس بھی 1993 میں اتنی وکٹیں 153 رنز کے عوض حاصل کرچکے ہیں تاہم اس گراؤنڈ پر پاکستان کی جانب سے بہترین بولنگ کا اعزاز اسپنر ثقلین مشتاق کے پاس ہے جنھوں نے 2000 میں 121 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

 
Load Next Story