2013 ء سیکوئلز سپرہیروز اور ایکشن فلموں کا سال

ہالی وڈ کی فلم نگری میں رواں برس سائنس فکشن فلموں کے ری میک اور ایکشن فلموں کا رجحان برقرار رہے گا۔

''رائز آن این ایمپائر'' 2007ء میں ریلیز ہونے والی ایکشن فلم 300 کا سیکوئل ہے۔ فوٹو : فائل

KARACHI:
2012ء میں ہالی وڈ کے فلم سازوں کی زیادہ توجہ ماضی کی کام یاب فلموں کے ری میک، سیکوئل اور کامک کرداروں کو فلمی قالب میں ڈھالنے پر مرکوز رہی۔

ان میں سے بالخصوص سائنس فکشن فلموں کے ری میک، کامک بُکس پر مبنی، اور ایکشن فلمیں بے حد کام یاب رہی تھیں۔ اسی لیے رواں برس بھی ہالی وڈ کی فلم نگری میں یہ رجحان موجود و برقرار رہے گا۔ ذیل کی سطور میں ہم مذکورہ بالا اقسام سے تعلق رکھنے والی ان چند فلموں کا تذکرہ کررہے ہیں جن کی ریلیز کا شائقین کو شدت سے انتظار ہے۔

300:Rise of an Empire

یہ فلم 2007ء میں ریلیز ہونے والی ایکشن فلم 300 کا سیکوئل ہے۔ یہ فلم 480 قبل مسیح میں یونانی اور ایرانی فوجوں کے درمیان ہونے والی جنگ ترموپیل کے پس منظر میں بنائی گئی تھی۔ اس فلم کے مرکزی اداکاروں میںجیرارڈ باٹلر، لینا ہیڈے اور روڈریگو سانتورو شامل تھے۔ جیرارڈ باٹلر نے اس فلم میں یونانی ریاست سپارٹا کے بادشاہ لوئنیڈاس اور روڈریگو نے شہنشاہ ایران خشیارشا اول کا کردار ادا کیا تھا۔ اس سپرہٹ فلم نے جہاں اپنے پروڈیوسر کو مالا مال کیا وہیں مرکزی اداکاروں کو بھی عالمی شہرت بخشی تھی، تاہم اس فلم کے سیکوئل میں جیرارڈ باٹلر شامل نہیں، البتہ روڈریگو کا کردار موجود ہے۔ یہ فلم تکمیل کے قریب ہے اور اگست میں تھری ڈی اور آئی میکس تھری ڈی فارمیٹ میں ریلیز کی جائے گی۔ 300 کے ڈائریکٹر Zack Snyder تھے لیکن 300:Rise of an Empire کی ہدایات Noam Murro نے دی ہیں۔

Iron Man 3


Iron Man بھی ہالی وڈ کی مقبول ترین ایکشن فلم سیریز میں سے ایک ہے۔ اس سلسلے کی ابتدائی دو فلموں کی طرح Iron Man 3 میں بھی سپرہیرو'' آئرن مین'' کا رول رابرٹ ڈاؤنی جونیئر نے ادا کیا ہے۔ دیگر اداکاروں میں گوئینتھ پالٹرو، ڈون چیڈل، ریبیکا ہال اوربین کنگسلے شامل ہیں۔ فلم میں آئرن مین اپنی ہر شے سے محروم ہوجاتا ہے اور اس کا مقابلہ ایک طاقت ور دشمن ، مینڈارن سے ہوتا ہے۔ مینڈارن کا رول آسکر اعزاز یافتہ اداکار بین کنگسلے نے ادا کیا ہے۔ والٹ ڈز نی نے اس فلم کی ریلیز کی تاریخ 26 اپریل مقرر کی ہے۔

A Good Day To Die Hard

Die Hard ہالی وڈ کی مقبول ترین ایکشن فلم سیریز میں سے ایک ہے۔ اس سلسلے کی پہلی فلم 1988ء میں نمائش کے لیے پیش کی گئی تھی۔ اس سیریز کا ہیرو نیویارک پولیس کا ایک سراغ رساں، جان میکلین ہے جس کا سابقہ، ہر فلم میں دہشت گردوں سے پڑتا ہے۔ ابتدائی چار فلموں میں یہ کردار بروس ولس نے نبھایا تھا اور پانچویں فلم میں بھی بروس کے پرستار انھیں اسی رول میں دیکھیں گے۔ A Good Day to Die Hard میں بھی بروس ولس دنیا کو بچانے کے لیے روس میںدہشت گردوں کا مقابلہ کرتے نظر آئیں گے۔ یہ فلم آئندہ ماہ ریلیز کی جارہی ہے۔ اس فلم کے ڈائریکٹر جان مور ہیں جن کے کریڈٹ پر بڑے بجٹ کی کئی بڑی فلمیں ہیں۔

Man of Steel

کامک کرداروں میں غالباً سُپرمین سب سے زیادہ مقبول کردار ہے۔ اس کردار کی فلمیں بھی بے پناہ کام یاب رہی ہیں۔ اس سلسلے کی آخری فلم 1987ء میں ریلیز ہوئی تھی۔ برسوںکے بعد اب سپرمین کے چاہنے والے اپنے پسندیدہ سپر ہیرو کو ایک بار پھر اور ایک نئے روپ میں سنیما اسکرین پر دیکھیں گے۔ وا رنر برادرز کی اس فلم میں جو جون کے وسط میں ریلیز ہوگی،ہینری کیول نے مقبول ترین سپرہیرو کا رول کیا ہے، جب کہ دیگر نمایاں اداکاروں میں ایمی ایڈمز، مائیکل شینن اور کیون کوسٹنر شامل ہیں۔
Load Next Story