پاکستان پوسٹ اور نادرا نے جوائنٹ وینچر کا فیصلہ کر لیا

ڈاکخانوں کے ذریعے شناختی کارڈترسیل،نادرافنانشل سروسزبھی پوسٹ آفس چلائیں گے

پہلے 10ڈاکخانوں کے ساتھ آزمائش،کامیابی پرمنصوبے کوملک بھرمیں پھیلادیاجائیگا، ذرائع ۔ فوٹو : فائل

پاکستان پوسٹل سروسز اور نادرا نے جوائنٹ وینچر کا فیصلہ کر لیا تاہم جوائنٹ وینچر کے تحت پاکستان پوسٹل سروسز نادرا کے شناختی کارڈ ڈیلیور کرے گا اور نادرا کی فنانشل سروسز بھی پوسٹ آفس چلائیں گے جبکہ جوائنٹ وینچر کے پائلٹ پروجیکٹ میں پہلے مرحلے میں 10ڈاک خانوں کو منتخب کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔


ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے پاکستان پوسٹ کو مزید فعال کرنے کے لیے نادرا اور پاکستان پوسٹل سروسز کے مابین جوائنٹ وینچر شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس جوائنٹ وینچر کے تحت نادرا کے شناختی کارڈ ڈاک خانوں کے ذریعے متعلقہ لوگوں کو فراہم کیے جائیں گے، اس جوائنٹ وینچر کے تحت جو شہری بھی اپنا شناختی کارڈ بنائے گا، اس کا شناختی کارڈ تیار کرکے متعلقہ ڈاکخانوں میں بھیج دیا جائے گا جہاں سے شہری باآسانی اپنا شناختی کارڈ وصول کر سکے گا۔

واضح رہے کہ اس سہولت کے تحت شہریوں کو اپنے شناختی کارڈز لینے کے لیے نادرا دفاتر میں گھنٹوں لائنوں میں لگنے کی ضرورت نہیں رہے گی، جوائنٹ وینچر کے تحت ابتدائی مرحلے میں 10 ڈاکخانوں کے ساتھ پائلٹ پروجیکٹ کیا جائیگا تاہم پائلٹ پروجیکٹ میں کامیاب ہونے پر یہ منصوبہ ملک بھر میں شروع کر دیا جائے گا۔
Load Next Story