فاتح سائیکلسٹس کو انعامات دینے کی تقریب کا انعقاد

نئے عالمی ریکارڈ قائم کرنے کی کوشش کی جائیگی، چیف آرگنائزر اسپورٹس پنجاب

تقریب کے دوران یوتھ فیسٹیول کو دنیا کا سب سے بڑا ایونٹ قرار دینے کا اعلان بھی ہوگا۔ فوٹو: فائل

پنجاب اسپورٹس فیسٹیول میں کراس کنٹری ریس کے فاتح سائیکلسٹس کو انعامات دینے کی تقریب گذشتہ روز لاہور میں منعقد ہوئی، اس موقع پر خطاب میں چیف آرگنائزر اسپورٹس رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ 16 نئے عالمی ریکارڈ قائم کرنے کی کوشش کی جائے گی جس کے لیے گینیز کی ٹیم آئندہ ماہ پاکستان آئے گی.

اس دوران یوتھ فیسٹیول کو دنیا کا سب سے بڑا ایونٹ قرار دینے کا اعلان بھی ہوگا، انھوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف آئندہ چند روز میں ڈیسوٹرف کے افتتاح کا اعلان کریں گے،امید ہے کہ تربیتی کیمپ کا نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں جلد آغاز ہو گا، انھوں نے کہا کہ سائیکل دینے کا وعدہ ہم نے پورا کر دیا، پنجاب یوتھ اور انٹرنیشنل اسپورٹس فیسٹیول میںکامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کو اختتامی تقریب کے دوران انعامات دیے جائیں گے۔




انھوں نے کہا کہ گزشتہ برس27فروری سے 10مارچ تک منعقدہ اسپورٹس فیسٹیول کے دوران 80 مقابلے ہوئے اور 12 لاکھ افراد نے شرکت کر کے ریکارڈ بنا دیا، مقابلوں میں پاکستان بھر سے150 سائیکلسٹس نے شرکت کی، ان میں 45 خواتین بھی شامل تھیں۔

ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ کھیلوں کے فروغ کیلیے اب تک 4 ہزار گراونڈز واگزار کرائے گئے جن کی تزین وآرائش کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔ اس موقع پرڈی جی اسپورٹس عثمان انور نے کہا کہ پنجاب اسپورٹس بورڈ صوبے میں کھیلوں کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کررہا ہے،مستقبل میں بھی اس طرح کے ایونٹس کا انعقاد کیا جائے گا،کھلاڑیوں کو ضروری سہولتیں مہیا کی جائیں گی۔
Load Next Story