عید میلاد النبی ؐ کی تیاریاں مساجد و مدارس کو سجا دیا گیا

شہر بھر میں سبزپرچموں کی بہار آگئی، کراچی کی اہم عمارتوں اور شاہراہوں کو بھی خوبصورتی سے سجانے کا کام جاری

جشن میلادالنبی ؐ کے سلسلے میںصدر میںمارکیٹ اور رہائشی عمارت کو برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے ،شہر کی عمارتوں کو سجانے کا سلسلہ جاری ہے۔ فوٹو : ایکسپریس

عید میلاد النبیؐ کی تیاریاں زور و شور سے شروع ہوگئی ہیں اور شہر خوبصورت برقی قمقموں سے سجایا جارہا ہے۔

شہر بھر میں سبز پرچموں کی بہار آگئی ہے ، شہر بھرکی مساجد و مدارس میں چراغاں کیا جارہا ہے شہر کی اہم عمارتوں اور شاہراہوں کو بھی خوبصورتی سے سجانے کا کام جاری ہے جامع مسجد آرام باغ، کنزلایمان مسجد ، نیومیمن مسجد بولٹن مارکیٹ، فیضان مدینہ، دارالعلوم نعیمیہ ، دارالعلوم امجدیہ بہادرآباد، بادامی مسجد سمیت شہر کی سیکڑوں مساجد کو سجاوٹ سے آراستہ کیا گیا ہے مختلف تنظیموں کے تحت جھنڈیاں، اسٹیکر تقسیم کرنے کا کام جاری ہے۔

نبیؐ کے غلاموں کا شہر کراچی، میلاد الائنس پاکستان ، اہلسنت و جماعت، سنی تنظیمات، میلاد کمیٹیوں اور انجمنوں کے تحت شہر بھر میں میلاد مصطفی ریلیوں اور جلوسوں اور محافل نعت کا اہتمام کیا جارہا ہے شہر کے مختلف علاقوں برنس روڈ، پاکستان چوک، کھارادر، بولٹن مارکیٹ، رنچھوڑ لائن، گارڈن، پاک کالونی، شاہ فیصل کالونی، محمودآباد، گلبرگ، نیوکراچی، کورنگی، لانڈھی، سخی حسن، اورنگی ٹائون، بلدیہ ٹائون ، لیاقت آباد، ناظم آباد و دیگر علاقوں میں بھی شاہراہوں اور چورنگیوں کو خوبصورتی سے سجایا گیا ہے۔




دریں اثناء مرکزی جے یوپی کے قائم مقام سیکریٹری جنرل،سنی اتحاد کونسل کے مرکزی رہنمااوراے این آئی پاکستا ن کے سرپرست اعلیٰ طارق محبوب نے کہا ہے کہ امت مسلمہ کواپنی عظمت رفتہ کی بحالی کیلیے تاجدارِ کائناتؐ کی تعلیمات اور اسوئہ حسنہ پرعمل کرناہوگا،ان خیالات کا اظہار انھوں نے جشن میلاد النبیؐ کے سلسلے میں نکالی جانے والی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ریلی سے مرکزی جے یوپی سندھ کے صدرصوفی ارشد القادری،علامہ اشرف گورمانی،مفتی غلام مرتضیٰ مہروی، علامہ فیصل عزیزی، مبشر علی قادری، مسعودعالم، ولی محمد شاہ، محفوظ عباسی،نعیم صدیقی،سلیم عطاری، راناپرویز اختر،ملک شفیق احمد،ذیشان چشتی،رفیق عالم،قریش انصار،نثار بھٹی،شاہ اور دیگر نے خطاب کیا،طارق محبوب نے ریلی کے شرکاسے خطاب کرتے ہوئے مزیدکہاکہ پاکستان کو قومی اتحاداورسیاسی اتفاق رائے کی ضرورت ہے،وطن عزیز سے انتہاپسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کیلیے تمام سیاسی ومذہبی رہنمااپنی سیاسی عداوتیںختم کرکے ملک کی بقاء وسلامتی کیلیے متحد ہوجائیں۔
Load Next Story