افغان فورسز کی جانب سے ایف سی اہلکاروں کو نشانہ بنانا افسوسناک ہے ترجمان پاک فوج

مردم شماری کی تفصیلات فراہم کرنے کے باوجود افغان فورسز کی جانب سے فائرنگ افسوسناک ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر

افغان فورسز کی جانب سے فائرنگ کے پیش نظر چمن بارڈر کو بند کر دیا گیا ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر۔ فوٹو: ایکسپریس نیوز

لاہور:
پاک فوج کے ترجمان نے افغان فورسز کی جانب سے مردم شماری میں مصروف عمل ایف سی اہلکاروں کو نشانہ بنانے کے اقدام کو انتہائی افسوسناک قرار دیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے سوشل میڈیا پر ٹویٹ کیا کہ افغان فورسز کی جانب سے مردم شماری میں مصروف ایف سی اہلکاروں پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں ایک شہری شہید اور ایف سی کے 4 اہلکاروں سمیت 18 افراد زخمی ہوئے۔ افغان فورسز کی جانب سے چمن کے علاقوں کلی لقمان اور کلی جہانگیر میں مردم شماری میں رکاوٹیں کھڑی کی جا رہی ہیں۔




ترجمان پاک فوج کے مطابق افغان حکام کو مردم شماری سے متعلق آگاہ کیا جا چکا ہے لیکن تفصیلات فراہم کرنے کے باوجود افغان فورسز کی جانب سے کارروائی افسوسناک ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں جانب سے فائرنگ کا تبادلہ تاحال جاری ہے جب کہ افغان فورسز کی جانب سے فائرنگ کے پیش نظر چمن بارڈر کو بند کر دیا گیا ہے۔
Load Next Story