فلم ’’باہو بلی 2‘‘ نے پی کے اور دنگل کو بھی پچھاڑ دیا

فلم نے ریلیز کے پہلے ہفتے ہی بھارت سمیت دنیا بھر سے 845 کروڑ کا بزنس کرکے ریکارڈ قائم کردیا

فلم نے ریلیز کے پہلے ہفتے ہی بھارت سمیت دنیا بھر سے 845 کروڑ کا بزنس کرکے ریکارڈ قائم کردیا، فوٹو؛ فائل

لاہور:
معروف بھارتی ہدایتکار راجمولی کی فلم ''باہو بلی 2'' بھارت کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم بن گئی جس نے عامر خان کی ''پی کے'' اور ''دنگل'' کو بھی پچھاڑ دیا۔

بھارتی فلم ''باہو بلی 2'' نے ریلیز سے پہلے ہی کمائی کے سارے ریکارڈ اپنے نام کرلیے تھے لیکن اب فلم نے نمائش کے بعد بھارتی سنیما کی تاریخ ہی بدل ڈالی ہے اور تیزی سے کئی بڑے بڑے ریکارڈ اپنے نام کرلیے ہیں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں:''باہو بلی 2'' نے 3 دن میں 500 کروڑ کا ہندسہ پار کرلیا

فلم ''باہو بلی 2'' نے ریلیز کے پہلے ہی ہفتے میں بھارت سے 680 کروڑ اور دنیا بھرسے 165 کروڑ کا بزنس کرکے مجموعی طور پر 845 کروڑ کی کمائی کرکے نا صرف کئی ریکارڈ اپنے نام کرلیے بلکہ بھارتی سنیما کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم بن گئی ہے۔




''باہو بلی 2'' نےعامر خان کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلموں ''پی کے'' کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے جس نے دنیا بھر میں 792 کروڑ کمائی کی تھی جب کہ فلم نے مسٹر پرفیکشنسٹ کی 744 کروڑ کا بزنس کرنے والی ''دنگل'' کو 6 روز میں ہی باکس آفس پر مات دے دی تھی لیکن اب باہو بلی 2 تیزی سے 800 کروڑ کا ہندسہ عبور کرنے والی واحد بھارتی فلم بھی بن گئی ہے اور فلمی پنڈتوں نے جلد ہی فلم کے 1200 کروڑ کمائی کی پیش گوئی کردی ہے۔



دوسری جانب فلم کے ہندی ورژن نے عامر خان کی ''دنگل'' اور سلمان خان کی ''سلطان'' کوبھی باکس آفس پر پیچھے چھوڑ دیا ہے اور فلم نے 7 روز میں 247 کروڑ کا بزنس کرلیا ہے جب کہ ''دنگل'' نے 7 روز میں 197 کروڑ 54 لاکھ اور''سلطان'' نے 9 روز میں 229 کروڑ16 لاکھ کا بزنس کیا تھا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں:''باہو بلی 2'' نے نمائش کے پہلے ہی روز تاریخ بدل دی

واضح رہے کہ فلم ''باہو بلی 2''کو تامل ، تیلگو، ملیالم اور ہندی زبان میں پیش کیا گیا ہے جس نے نمائش سے قبل ہی ڈسٹری بیوشن اور سیٹلائٹ رائٹس کی مد میں 500 کروڑ سے زائد کی کمائی کی تھی۔
Load Next Story