ایف بی آر کی کراچی میں قیمتی اراضی پر قبضے کا انکشاف

ڈی جی انٹیلی جنس ان لینڈ ریونیو کی بورڈان کونسل کے اجلاس میں نشاندہی پرسخت نوٹس

ٹیکسیشن کلب کلفٹن کی زمین پرتجاوزات قائم کی جارہی ہیں۔ فوٹو: فائل

فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) کے ٹیکسیشن کلب کلفٹن کراچی کی قیمتی زمین پر قبضہ مافیا کی جانب سے ناجائز قبضہ کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے تاہم فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے معاملہ کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ضروری کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

'ایکسپریس' کو دستیاب دستاویز کے مطابق ٹیکسیشن کلب کی زمین پر ناجائز قبضے کا انکشاف ڈائریکٹر جنرل انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن ان لینڈ ریونیو خواجہ تنویر کی جانب سے ایف بی آر کی بورڈ ان کونسل کے اجلاس میں کیا گیا ہے۔


دستاویز کے مطابق گزشتہ ماہ کے آخری عشرے میں ایف بی آرکی بورڈ ان کونسل کے اجلاس کے دوران ڈائریکٹر جنرل انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن ان لینڈ ریونیو نے بتایا کہ کلفٹن کراچی میں واقع ایف بی آر کے ٹیکسیشن کلب کی زمین پرقبضہ کیا جارہا ہے لہٰذا متعلقہ حکام کو اس بارے میں فوری کارروائی کرنے کی ہدایت کی جائے تاکہ ٹیکسیشن کلب کلفٹن کراچی کی زمین پر ناجائز قبضے کو رکا جا سکے۔

ادھر ایف بی آر کی بورڈ ان کونسل کے شرکا نے معاملہ کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد کلفٹن کراچی میں واقع ٹیکسیشن کلب کراچی کی انتہائی قیمتی زمین پر قبضے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے فیصلہ کیا کہ چیف کمشنرکارپوریٹ ریجنل ٹیکس آفس(سی آر ٹی او) کراچی اس معاملہ کا جائزہ لیں گے اور ان کی جانب سے زمین کی موجودہ حیثیت اور ناجائز قبضے کی تصدیق کے بعد ایف بی آر کو آگاہ کرکے زمین واگزار کرانے کے لیے ضروری کارروائی کریں گے۔

علاوہ ازیں ایف بی آر ذرائع کا کہنا ہے کہ بورڈ ان کونسل کے اجلاس میں مذکورہ معاملہ کے بارے میں تفصیلی تبادلہ خیال ہوا ہے اور چونکہ کلفٹن کراچی میں واقع ٹیکسیشن کلب کراچی کی زمین انتہائی قیمتی ہے اور اس زمین پر کچھ لوگوں کی جانب سے تجاوزات قائم کی جارہی ہیں تاکہ اس زمین پر قبضہ کرسکیں۔
Load Next Story