پشاورمیں یکے بعد دیگرے 2 بم دھماکے 3 سیکیورٹی اہلکار زخمی

پہلا دھماکا اسکول کے اندر جب کہ دوسرا خٹکو پل پر ہوا

سیکیورٹی اداروں کی گاڑی پل سے گزر رہی تھی کہ اس دوران پل کے ساتھ نصب بم پھٹ گیا۔ فوٹو : فائل

یکے بعد دیگرے دو مختلف دھماکوں میں انسداد دہشت گردی کے 3 اہلکار زخمی ہوگئے جب کہ اسکول کے باہر پڑے ایک بم کو ناکارہ بنادیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پشاور میں صبح 5 بجے کے قریب پہلا دھماکا گورنمنٹ بوائز مڈل اسکول کے اندرونی حصے میں ہوا جس سے اسکول کے گیٹ کو نقصان پہنچا جب کہ دوسرا بم اسکول کے باہر نصب کیا گیا تھا تاہم بی ڈی ایس نے بم کو ناکارہ بنا دیا، بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق دونوں بموں کا مجموعی وزن 5 سے 6 کلو گرام تھا۔


اس خبر کو بھی پڑھیں : تربت میں ایف سی کی گاڑی کے قریب دھماکا، 4 اہلکار شہید اور 3 زخمی

دوسری جانب ارمڑ اور چمکنی کے حدود میں انسداد دہشت گردی کی گاڑی خٹکو پل سے گزر رہی تھی کہ اس دوران پل کے ساتھ نصب بم پھٹ گیاجس سے سی ٹی ڈی کے 3 اہلکار زخمی ہو گئے، سی ٹی ڈی اہلکار اسکول میں ہونے والے دھماکے کی جگہ کا معائنہ کرنے کے بعد واپس آرہے تھے۔ زخمی ہونے والوں میں سب انسپکٹر، سی ٹی ڈی اہلکار اور ڈرائیور شامل ہیں جب کہ زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کر دیا گیا۔دھماکے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نےعلاقوں کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

Load Next Story