خیبرایجنسی اور جنوبی وزیرستان سے اسلحہ و گولہ بارود برآمد

خیبرایجنسی اور جنوبی وزیرستان میں آپریشن ردالفساد کے تحت بڑی تعداد میں اسلحہ اور آلات بھی ملے، ترجمان پاک فوج

خیبرایجنسی اور جنوبی وزیرستان میں آپریشن ردالفساد کے تحت بڑی تعداد میں اسلحہ اور آلات بھی ملے، ترجمان پاک فوج، فوٹو؛ فائل

سیکیورٹی فورسز نے آپریشن رد الفساد کے تحت خیبرایجنسی اور جنوبی وزیرستان میں کارروائیاں کرکے بھاری تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا جب کہ پنجاب سے بھی مشکوک افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملک بھر میں پاک فوج کا آپریشن ''رد الفساد'' جاری ہے جس کے تحت سیکیورٹی فورسز نے خیبر ایجنسی اور جنوبی وزیرستان میں آپریشن کرکے خود کش جیکٹس اور دھماکا خیز مواد برآمد کرلیے۔


ترجمان پاک فوج کے مطابق آپریشن کے دوران دھماکا خیز سلنڈر، آئی ای ڈیز، اینٹی ٹینک، بارودی سرنگیں، ڈیٹونیٹر، بڑے پیمانے پر ہتھیار اور گولہ بارود، ایس ایم جیز، پستول اور راکٹس بھی برآمد ہوئے جو جنوبی وزیرستان کے علاقے لالی جائی اور وشتونائی سے دہشتگردوں کے چھوڑے ہوئے ایک کمپانڈ سے ملے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پنجاب میں بھی آپریشن رد الفساد کے تحت سیکیورٹی فورسز نے آپریشنز کرکے مشکوک افراد کو گرفتار کرلیا جن کے قبضے سے اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ انٹیلی جنس بیس پر سرچ آپریشنز لاہور، اٹک، اسلام آباد، سیالکوٹ، نارووال، شیخو پورہ ، ڈی جی خان، رحیم یارخان اور راجن پور میں کیے گئے جن میں پنجاب رینجرز، پولیس اورانٹیلی جنس ایجنسیز نے حصہ لیا۔
Load Next Story