سیاسی اتحاد پیپلز پارٹی پر اثر انداز نہیں ہوسکتےبلاول بھٹو

پارٹی منشور اور انتخابی جلسوں کے شیڈول کا اعلان جلد کردیا جائے گا، اجلاس سے خطاب

کراچی: جیکب آباد اور لاڑکانہ سے پیپلز پارٹی کے عہدیدار چیئرمین بلاول بھٹو سے ملاقات کررہے ہیں۔ فوٹو: اے پی پی

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سیاسی اتحاد پیپلز پارٹی پر اثر انداز نہیں ہوسکتے، پیپلز پارٹی کسی سیاسی اتحاد سے گھبرانے والی نہیں، آئندہ انتخابات میں پورے ملک سے انتخابات میں حصہ لیں گے اور عوام کے ووٹوں سے کامیابی حاصل کریں گے۔

وہ منگل کو بلاول ہائوس میں کشمور، ٹنڈوالہیار خان، جیکب آباد، دادو، لاڑکانہ اور کندھ کوٹ سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی اور پارٹی رہنمائوں کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ بھی موجود تھے۔ اجلاس میں ملک کی سیاسی صورتحال، پیپلز پارٹی کی انتخابی مہم اور دیگر امور پر غور کیا گیا۔ ارکان اسمبلی اور پارٹی رہنمائوں نے اپنے اپنے ضلع میں پارٹی امور سے متعلق بریفنگ دی۔




بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی وفاق کی علامت ہے، پیپلز پارٹی کے خلاف ماضی میں بھی کئی اتحاد بنے اور اب بھی نئے اتحاد بن رہے ہیں، ان سیاسی اتحادوں سے پارٹی کی پوزیشن پر کوئی اثر نہیں پڑے گا ۔انھوں نے کہا کہ پارٹی رہنما اور کارکنان انتخابات کی تیاریاں کریں۔ انھوں نے کہا کہ ہم عوام کی طاقت پر یقین رکھتے ہیں اور اسی طاقت کے بل بوتے پر انتخابات میں حصہ لیں گے۔ انھوں نے کہا کہ پارٹی منشور اور انتخابی جلسوں کے شیڈول کا اعلان جلد کردیا جائیگا۔
Load Next Story