اسپاٹ فکسنگ ناصرنے ’’ڈیل‘‘ کیلیے ’’بیٹ‘‘ کا کوڈ استعمال کیا

اپنا بندہ ہے ٹینشن نہ لیں،بیٹ خریدنے والاگورا سب کچھ ہے،خالد سے آڈیو گفتگو

ناصر جمشید کے وکیل ٹریبیونل کے سامنے پیش، الزامات پڑھ کر سنا دیے گئے . فوٹو : فائل

KARACHI:
پی ایس ایل اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں ناصر جمشید نے ''ڈیل'' کیلیے ''بیٹ'' کا کوڈ استعمال کیا، پی سی بی کی جانب سے ٹریبیونل کو پیش کی جانے والے آڈیو ٹیپ میں اوپنر نے خالد لطیف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ''اپنا ہی بندہ ہے، ٹینشن نہ لیں،بیٹ خریدنے والا گورا ہی سب کچھ ہے، بیٹ خراب نہیں ہونا چاہیے''۔ دریں اثنا ناصر جمشید کے وکیل ٹریبیونل کے سامنے پیش ہوگئے۔


ذرائع کے مطابق پی ایس ایل اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں پی سی بی کی جانب 9 کے قریب آڈیو پیغامات بطور ثبوت پیش کیے گئے ہیں، بورڈ کا دعویٰ ہے کہ ان میں ناصر جمشید نے خالد لطیف کو پیشکش کی تھی، انھوں نے ''ڈیل'' کیلیے ''بیٹ'' کا کوڈ استعمال کیا، اوپنر نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے کھلاڑی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ''اپنا ہی بندہ ہے، کسی قسم کی ٹینشن نہ لیں،بات آگے نہیں جائے گی،جو بیٹ خریدتا ہے نہ، وہ گورا ہے،اس کا پیغام آیا تھا،اصل میں گورا ہی سب کچھ ہے،اہم بات یہ ہے کہ بیٹ اچھا ہونا چاہیے،ہماری کمپنی کی ساکھ خراب نہیں ہونی چاہیے'' مبہم الفاظ میں پیش کی جانے والی اس آڈیو میں واضح طور پر کہیں بھی فکسنگ کا ذکر نہیں کیا گیا۔

دریں اثنا ناصر جمشید کے وکیل حسان اقبال ٹریبیونل کے سامنے پیش ہوگئے، پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ کے سربراہ کرنل(ر)اعظم خان نے کرکٹر پر لگائے گئے الزامات پڑھ کر سنائے، ناصر پر کوڈ کی شق 2.4.6 اور 2.4.7 کی خلاف ورزی کا الزام ہے، بورڈ اپنے الزامات کی تفصیل اور شواہد 26 مئی کو ٹریبیونل کے سامنے پیش کرے گا، ناصر جمشید کو اپنا جواب 9 جون کو جمع کرانا ہو گا، بورڈ اگر ضرورت محسوس کرے تو جوابی موقف 14تاریخ کو دے سکے گا، روزانہ کی بنیاد پر کیس کی سماعت 30 جون سے شروع ہو گی۔ واضح رہے کہ ناصر جمشید کو اسپاٹ فکسنگ کیس میں مبینہ طور پر سہولت کاری کا ملزم قرار دیا جا رہا ہے،اوپنر کو انگلینڈ کی نیشنل کرائم ایجنسی نے گرفتار کرنے کے بعد ضمانت پر رہا کردیا تھا، ان کا پاسپورٹ بھی برطانوی حکام کی تحویل میں ہے۔
Load Next Story