کراچی کے مختلف علاقوں سے ٹارگٹ کلرز سمیت 19 ملزمان گرفتار

پولیس اور رینجرز نے ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا

پولیس اور رینجرز نے ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا، فوٹو؛ فائل

رینجرز اور پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں سے 5 ٹارگٹ کلرز سمیت 19 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا جب کہ ملزمان کا تعلق ایم کیوایم لندن سے بتایا جاتا ہے۔

نمائندہ ایکسپریس کے مطابق رینجرز نے ملیر سٹی كے علاقے میں كارروائی كرتے ہوئے لیاری گینگ وار كے دو ملزمان عبدالحمید عرف سہیل اور چاكر كو گرفتار كركے ان كے قبضے سے اسلحہ برآمد كرلیا۔ ترجمان رینجرز كے مطابق گرفتار ملزمان منشیات فروشی اور ڈكیتی سمیت جرائم كی متعدد وارداتوں میں ملوث تھے۔


دوسری کارروائی میں رینجرز نے ناظم آباد كے علاقے سے متحدہ قومی موومنٹ لندن سے تعلق ركھنے والے محمد نواب كو گرفتار كرلیا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزم غیر قانونی اسلحے كی ترسیل سمیت جرائم كی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔ اس کے علاوہ شاہراہ فیصل اور اورنگی ٹاؤن میں كارروائی كرتے ہوئے 2 بھتہ خور عرفان یعقوب اور آصف شاہ كو گرفتار كرلیا۔

ادھر مبینہ ٹاؤن پولیس نے اسٹریٹ كرمنل مجاہد بخش كو گرفتاركركے اسلحہ برآمد كرلیا جب کہ رضویہ پولیس نے مخبر کی اطلاع پر ناظم آباد میں كارروائی كرتے ہوئے محمد سلیم چوہدری عرف سلیم شیخ، ظہیر الدین عرف بابر، اسد خان اور محمد ذكریا عرف بابو بھائی كو گرفتار كركے ان كے قبضے سے ایك كلاشنكوف، 12 بور رائفل، نائن ایم ایم پستول اورایك ہینڈ گرنیڈ برآمد كرلیا۔

پولیس كے مطابق ملزمان متحدہ قومی موومنٹ لندن كے كاركنان ہیں جو قتل، اقدام قتل، غیر قانونی اسلحے و دیگر جرائم میں ملوث تھے۔ پولیس کا کہنا ہےکہ گرفتار ٹارگٹ كلرز نے دوران تفتیش انكشاف كیا ہے كہ شہر كے مختلف علاقوں میں كئی افراد كوسیاسی تنظیم كی اعلیٰ قیادت كے حكم پر قتل كیا جب كہ ٹارگٹ كلر اسد اسلحے كا بڑا ڈیلر ہے اور غیر قانونی طور پر اسلحہ پاكستان تحریك طالبان سمیت دیگر كالعدم تنظیموں كو بھی فروخت كرتا تھا۔
Load Next Story