ایران اور افغانستان سے ملحقہ سرحد کی موثرنگرانی کیلئےاقدامات کیےجارہےہیں چوہدری نثار

پوری قوم سول آرمڈ فورسز کے افسران اور جوانوں کی انتھک محنت اور قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، وزیر داخلہ

پوری قوم سول آرمڈ فورسز کے افسران اور جوانوں کی انتھک محنت اور قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، وزیر داخلہ۔ فوٹو؛ فائل

ISLAMABAD:
وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی خان کا کہنا ہے کہ ایران اور افغانستان کے ساتھ مشترکہ سرحدوں کی موثرنگرانی، غیر قانونی انسانی آمد ورفت کی روک تھام، اسمگلنگ سمیت دیگر چیلنجز سے نمٹنے کے لئےاقدامات کیے جا رہے ہیں۔

آئی جی فرنٹیئرکانسٹیبلری بلوچستان میجر جنرل سردار طارق اعوان نے اسلام آباد میں وفاقی وزیر ِداخلہ چوہدری نثارعلی خان سے ملاقات کی، اس موقع پر بلوچستان میں امن و امان کی صورت حال اور ایف سی کے کردار پر تفصیلی تبادلہ کیا گیا۔


ملاقات کے دوران وزیرداخلہ نے کہا کہ ملک کی اندرونی وبیرونی سیکیورٹی کو یقینی بنانے میں سول آرمڈ فورسز کی کاوشیں اور قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ پوری قوم سول آرمڈ فورسز کے افسران اور جوانوں کی انتھک محنت اور قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ بلوچستان میں امن و امان کی صورت حال اور سی پیک کے پیش نظر ایف سی کا کردارمزید اہمیت اختیار کر چکا ہے۔

چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ داخلی سیکیورٹی سے متعلقہ موجودہ دور کے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے ضروری ہے کہ ایف سی اہلکاروں کی تربیت اور استعدادِ کار بڑھانے خصوصاً ٹیکنالوجی کے موثر استعمال پر خصوصی توجہ دی جائے۔ حکومت ِ پاکستان داخلی و خارجی سیکیورٹی کے حوالے سے سول آرمڈ فورسز کے اہم کردارکو مد نظر رکھتے ہوئے ان کی تمام آپریشنل ضروریات کو پورا کرنے اور انکی استعدادِ کار بڑھانے کے لئے ہر ممکنہ کوشش کر رہی ہے۔ گزشتہ چار برسوں میں سول آرمڈ فورسز کی پیشہ وارانہ ضروریات کو پورا کرنے، کارکردگی کی مزید بہتر ی اور نئے ونگز کے قیام کے لئے 80 ارب سے زائد خرچ کئے جا چکے ہیں جو کہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ حکومت نہ صرف سول آرمڈ فورسز کی خدمات کو سراہتی ہے بلکہ اس میں مزید بہتری اور فعالی کی خواہاں ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ ایران اور افغانستان کے ساتھ مشترکہ سرحدوں کی موثرنگرانی، غیر قانونی انسانی آمد ورفت کی روک تھام، اسمگلنگ سمیت دیگر چیلنجز سے نمٹنے کے لئے حکومتی سطح پر متعدد اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ نئے کراسنگ پوائنٹس کی تعمیر کے ساتھ ساتھ دشوار گزار سرحدی علاقوں کی موثر نگرانی کے لئے جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لایاجا رہا ہے۔ ان اقدامات کی کامیابی کے لئے ضروری ہے کہ ایف سی کے جوانوں کی استعدادِ کار بڑھانے پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ مطلوبہ مقاصد کا حصول ممکن بنایا جاسکے۔
Load Next Story