لاہور کے تمام تھانوں کے ایس ایچ اوز کی ہفتہ وار چھٹیاں منسوخ

24 گھنٹے مسلسل ڈیوٹی سے افسران بیمار پڑنا شروع ہوگئے، پولیس ذرائع

24 گھنٹے مسلسل ڈیوٹی سے افسران بیمار پڑنا شروع ہوگئے، پولیس ذرائع، فوٹو؛ فائل

آئی جی پنجاب نے لاہور کے تمام تھانوں كے ایس ایچ اوز كی ہفتہ وار چھٹی بند كردی۔


نمائندہ ایکسپریس کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ آئی جی پنجاب كے حكم پر تمام تھانوں كے انچارجز اور دیگر عملے كو ہفتہ وارایك رخصت دی جاتی تھی لیکن اب بغیر كسی حكم نامے كے ایس ایچ اوز كو ہفتہ وار رخصت كرنے سے روك دیا گیا جس کے باعث مسلسل كام كرنے سے ڈیوٹی اوقات كار بھی متاثر جب كہ كئی اہلكار بیمار ہونے لگے۔ ذرائع کا کہنا ہےکہ آئی جی پنجاب نے ہفتے كا ایك دن فیملی كے ساتھ گزارنے كے لیے چھٹی كا حكم دیا تھا، ہفتہ وار رخصت بند ہونے سے ایس ایچ اوز پریشانی اور ذہنی تناؤ كا شكار ہونے لگے۔

متعدد ایس ایچ اوز نے ''ایكسپریس'' سے گفتگو كرتے ہوئے كہا كہ ایس ایچ او كی ایك دن كی چھٹی بند ہونے سے شدید مشكلات كا سامنا ہے، 24 گھنٹے مسلسل ڈیوٹی سے وہ بیمار پڑنا شروع ہوگئے اگر آرام نہ كریں گے تو پھر اپنی ڈیوٹی كس طرح بہتر انداز میں سرانجام دے سكتے ہیں۔ انہوں نے آئی جی پنجاب، سی سی پی او لاہور، ڈی آئی جی آپریشن لاہور سے درخواست كی ہے كہ ایس ایچ اوز كو ہفتہ میں ایك دن چھٹی كرنے كا اعلان كیا جائے تاكہ وہ بھی اپنی فیملی كے ساتھ بہتر زندگی گزار سكیں۔
Load Next Story