چین میں آپریشن تھیٹر کے اندر ڈاکٹر اورطبی عملہ آپس میں لڑپڑا

آپریشن سے قبل سرجن نے نرس پر مکوں کی بارش کردی جس سے وہ شدید زخمی ہوگئی

آپریشن سے قبل سرجن نے اپنی بیوی نرس پر مکوں کی بارش کردی جس سے وہ شدید زخمی ہوگئی،فوٹو:فائل

چین میں سینئر ڈاکٹر نے اس وقت نرس پر حملہ کردیا جب آپریشن تھیٹر میں مریض کا آپریشن کرنے کے لئے تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی تھیں۔

چین کے صوبہ ہینن میں لانکو کاؤنٹی اسپتال کے آپریشن تھیٹر میں ڈاکٹروں کا پینل مریض کا آپریشن کرنے کے لئے تیار تھا اور سرجن سمیت دیگر نرسیں اور معاون ڈاکٹروں نے آپریشن کے لئے مخصوص لباس اور دستانے بھی پہن رکھے تھے کہ اچانک اس موقع پر سرجن اور نرس آپس میں لڑ پڑے اور سرجن نے نرس کو مار مار کر شدید زخمی کردیا۔


سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سرجن نے نرس کی جانب کوئی چیز اچھالی جس پر نرس نے طیش میں آکر سرجن کو مکا مارنے کی کوشش کی جس کے بعد سرجن نے نرس پر مکوں کی بارش کردی۔ آپریشن تھیٹر کا ماحول بدلنے پر معاون ڈاکٹر جھگڑا ختم کرنے کے لئے کود پڑے اور سرجن کو پیچھے ہٹا دیا۔ لڑائی ختم ہونے کے بعد نرس کو زخمی حالت میں آپریشن تھیٹر سے باہر نکال دیا گیا۔

لانکو کاؤنٹی اسپتال کا جھگڑے کے حوالے سے کہنا تھا کہ جھگڑنے والے سرجن اور نرس میاں بیوی ہیں اور ذاتی چپقلش پر دونوں آپس میں لڑے تاہم آپریشن تھیٹر کے اندر دونوں کے درمیان جھگڑا قواعد کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

Load Next Story