کانگو کی جیل پر مسلح افراد کا حملہ 3 ہزار سے زائد قیدی فرار

مسلح افراد کے حملے کے بعد شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں ایک درجن سے زائد افراد مارے گئے، حکام

مسلح افراد نے جیل پر حملہ کیا جس کے بعد سیکیورٹی فورسز اور حملہ آوروں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، حکام۔ فوٹو: فائل

KARACHI:
افریقی ملک کانگو کی اہم جیل پر مسلح افراد نے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 3 ہزار سے زائد قیدی فرار ہوگئے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق افریقی ملک کانگو کی مکالا جیل پر مشتعل افراد نے دھاوا بول دیا جس کے بعد 3 ہزار سے زائد قیدی فرار ہوگئے جب کہ حکام کا کہنا ہے کہ مسلح افراد نے جیل پر حملہ کیا اور اپنے ہمراہ تقریبا 50 قیدیوں کو ساتھ لے گئے جب کہ اس موقع پر مسلح افراد اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی جس میں ایک درجن سے زائد افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔


پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ جیل سے فرار ہونے والے قیدی انتہائی خطرناک ہیں اور انہیں کہیں بھی دیکھنے کی صورت میں فوری طور پر آگاہ کیا جائے جب کہ حکام کا کہنا ہے کہ فرار ہونے والوں میں سابق سیاستدان اور خود کو خلیفہ کہلوانے والا نی موندا نسیمی بھی شامل ہے جس کے پیروکاروں نے جیل پر حملہ کیا۔

واضح رہے کہ پولیس نے نقص امن کے پیش نظر ملک میں قدیم روایات نافذ کرنے کی جدوجہد کرنے والے سابق سیاستدان اور خودساختہ خلیفہ نی موندا نسیمی کو گرفتار کرلیا تھا۔
Load Next Story