صبا قمر کی فلم ’’ہندی میڈیم‘‘ آج ملک بھر میں ریلیز ہوگی

بھارت سے 12فلموں میں کام کرنے کی پیشکش ہوچکی جن میں سیف علی خان کی فلم ’’ لوآجکل بھی شامل تھی، اداکارہ

 صاف ستھری اور فیملی اورینٹڈ فلم ہے جسے ہرکوئی دیکھ سکتا ہے، یقین ہے فلم عوام توجہ ضرور حاصل کریگی، ایکسپریس سے گفتگو۔ فوٹو : نیٹ

ISLAMABAD:
امپورٹ قوانین کے تحت پاکستانی اداکارہ وماڈل صبا قمر کی پہلی بھارتی فلم ''ہندی میڈم'' دنیا کے بیشتر ممالک کے ساتھ آج پاکستان میں بھی نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

اداکارہ صبا قمر نے ''ایکسپریس'' سے گفتگو کرتے ہوئے بتایاکہ کہنے کو تو ''ہندی میڈم'' میری پہلی فلم ہے لیکن مجھے اس سے پہلے بالی وڈ کے بڑے بینرز کی تقریباً 12فلموں میں کام کرنے کی پیشکش ہو چکی تھی، جن میں سیف علی خان کی فلم ''لوآجکل'' بھی شامل ہے لیکن پاکستان میں اپنی بے پناہ مصروفیت کے باعث میں نے کوئی بھی فلم سائن نہ کی۔ جہاں تک بات ''ہندی میڈم'' کی ہے تو اس کوسائن کرنے کی ویسے تو بہت سی وجوہات ہیں، ان میں فلم کی کہانی، میرا کردار اور سب سے بڑھ کراس فلم میں مجھے ایک بہت ہی باصلاحیت اداکارعرفان خان کے ساتھ کام کرنے کا موقع مل رہا تھا۔


اداکارہ نے کہا سب جانتے ہیں کہ عرفان خان جس بھی فلم میں اداکاری کے جوہر دکھاتے ہیں، وہ معمول سے ہٹ کرہوتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ میں نے بالی وڈ کے ایک انتہائی باصلاحیت فنکار کے ساتھ کام کرنے کو ترجیح دی۔ مجھے جب اس پروجیکٹ کی آفرہوئی تومیں نے سب سے پہلے اس کا اسکرپٹ منگوایا اوراس کو اچھی طرح پڑھنے کے بعد میں نے اس میں کام کرنے کی رضامندی ظاہر کی۔

فلم کے حوالے سے صبا قمر کا کہنا تھا کہ یہ ایک صاف ستھری اور فیملی اورینٹڈ فلم ہے جسے ہرکوئی دیکھ سکتا ہے، فلم کی کہانی بھی سب کے لیے ہے ، اس لیے مجھے یقین ہے کہ یہ فلم شائقین کی توجہ ضرور حاصل کرے گی۔

اداکارہ نے کہا کہ عرفان خان کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ بہت یادگار رہا۔ وہ کمال کے فنکاراورساتھی فنکاروں کی رہنمائی بھی کرتے ہیں۔ ان کے ساتھ کام کرتے ہوئے بہت کچھ سیکھا۔ کردارمیں حقیقت کا رنگ بھرنا انھیں خوب آتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ جب شائقین فلم ''ہندی میڈم'' کودیکھنے کے لیے سینما گھروں کا رخ کریں گے تو انھیں فلم کی کہانی، میوزک اورہماری اداکاری ضرور پسند آئے گی۔


واضح رہے کہ اس فلم کو گزشتہ ہفتے ریلیز کیا جانا تھا لیکن بعض وجوہات کی بناپرایک ہفتے کے لیے اس کی ریلیز کو موخر کردیا گیا تھا۔

Load Next Story