بجلی چوری کرنے والے علاقوں میں لوڈشیڈنگ رمضان میں بھی ہوگی عابدشیرعلی

کراچی میں بجلی چوری زیادہ اور کنڈا سسٹم عام ہے، وزیرمملکت پانی و بجلی

ہماری ہی حکومت میں بجلی کی پیدوار 22ہزار میگاواٹ تک پہنچے گی, عابد شیرعلی: فوٹو: فائل

وزیرمملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک میں 85 فیصد علاقوں میں ریلیف دیا جائے گا لیکن جہاں بجلی چوری ہوتی ہے وہاں رمضان المبارک میں بھی لوڈشیڈنگ زیادہ ہوگی۔

پاور جنریشن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ ہم نے بجلی کے شاٹ فال پر قابو پانے کا عزم کررکھا ہے ہماری حکومت نے بجلی پیداوار میں ساڑھے 5 ہزار میگاواٹ اضافہ کیا رواں سال تاریخ کی سب سے زیادہ 17ہزار 720میگاواٹ بجلی پیدا کی اور اسی سال موسم سرما تک 20 ہزار میگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ میں آجائے گی جب کہ ہماری ہی حکومت میں بجلی کی پیدوار 22ہزار میگاواٹ تک پہنچے گی۔


عابد شیرعلی نے کہا کہ رمضان المبارک کا مقدس مہینہ آنے والا ہے اس لئے سحروافطار اور تراویح کے دوران لوڈ شیڈنگ نہیں ہوگی جب کہ 85 فیصد علاقوں میں ریلیف دیا جائے گا تاہم بجلی چوری کرنے والے علاقوں میں لوڈ شیڈنگ بہت زیادہ ہوگی۔

کراچی میں توانائی بحران کے حوالے سے وزیرمملکت کا کہنا تھا کہ شہر قائد میں بجلی کے مسائل پر نوٹس لیا ہے وہاں بہت زیادہ بجلی چوری اور کنڈا سسٹم عام ہے لیکن ہم کراچی کے عوام کو بے یارو مددگار نہیں چھوڑ سکتے نیپرا کو بھی کراچی کے مسئلے پر کردار ادا کرنا ہوگا۔

Load Next Story