عمران خان جمہوریت کی جس شاخ پر بیٹھے ہیں اسی کو کاٹ رہے ہیں سعد رفیق

عمران خان ملک کے لئے سیکیورٹی رسک بنے ہوئے ہیں،وزیرریلوے

عمران خان ملک کے لئے سیکیورٹی رسک بنے ہوئے ہیں،وزیرریلوے . فوٹو؛ فائل

وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ عمران خان جمہوریت کی جس شاخ پر بیٹھے ہیں اسی کو کاٹ رہے ہیں اور ان کی آنکھوں پر انتقام کی پٹی چڑھی ہوئی ہے۔

لاہورمیں میڈیا سے بات کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ بھارت میں بھی کلبھوشن کا معاملہ عالمی عدالت میں لے جانے پر آوازیں اٹھ رہی ہیں کہ یہ بڑی غلطی ہے جب کہ کلبھوشن کا معاملہ ہماری قومی سلامتی کا معاملہ ہے جس پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اورکلبھوشن کو فوجی عدالت نے سزا دی ہے اس پر سیاست نہیں کرنی چاہیے کیوں کہ حکومت اور فوج ایک پیج پر ہیں۔


خواجہ سعد رفیق نے چیرمین تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان جمہوریت کی جس شاخ پر بیٹھے ہیں اسی کو کاٹ رہے ہیں اور ان کی آنکھوں پر انتقام کی پٹی چڑھی ہوئی ہے وہ ملک کے لئے سیکیورٹی رسک بنے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وکلا برادری میں سے بعض نے وزیر اعظم نواز شریف کے استعفے کی بات کی بعض نے کہا یہ غیر ضروری مطالبہ ہے جب کہ عدلیہ بحالی میں سول سوسائٹی عدلیہ اور ہم سب ایک ساتھ تھے۔

اس سے قبل این اے 125 میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق کہنا تھا کہ حلقے کے 90 فی صد سے زائد اسکولوں میں تمام بنیادی سہولتیں دستیاب ہیں، مسلم لیگ (ن) کے ادوار میں ہمیشہ تعمیر و ترقی کے ریکارڈ کام ہوئے، تمام قومی و علاقائی جماعتوں کو حکومت کرنے کے مواقع ملے لیکن کسی نے ملک کی خاطر کام نہیں کیا جب کہ پرویز مشرف اور آصف زرداری کی 14 سالہ حکمرانی نے پاکستان کو 28 برس پیچھے دھکیل دیا۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں عمران خان اور اس کے اتحادیوں کی انتقامی سیاست نا اہلی، ناسمجھی اور بد انتظامی کی بھینٹ چڑھ گئی ہے جب کہ سی پیک کا عظیم منصوبہ پاکستان کی خوشحالی، استحکام اور سالمیت کو یقینی بنا دے گا۔
Load Next Story