سانحہ بلدیہ تفتیش سائٹ تھانے کے افسر کو منتقل کردی گئی

19لاشوں کے ڈی این اے ٹیسٹ کی رپورٹس اب تک موصول نہیں ہوسکی

مقدمے کی تفتیش سائٹ تھانے کے انسپکٹر جہانزیب سے واپس لیکر ڈی ایس پی اورنگی ٹائون زاہد حسین کے سپرد کرنے کے احکامات جاری کیے گئے۔ فوٹو: اے ایف پی / فائل

سانحہ بلدیہ کے مقدمے کی تفتیش دوبارہ سائٹ تھانے کے تفتیشی افسر کو منتقل کردی گئی ہے جبکہ واقعے میں جاں بحق ہونے والے افراد میں سے تاحال 19 لاشوں کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔

تفصیلات کے مطابق 11 ستمبر 2012 کو بلدیہ ٹائون میں واقع گارمنٹس فیکٹری علی انٹر پرائزز میں لگنے والی آگ کے نتیجے میں 259 سے زائد افراد جاں بحق ہوگئے تھے ، بدھ کو واقعے نے ایک نیا موڑ اختیار کیا تھا جس میں مقدمے کی تفتیش سائٹ تھانے کے انسپکٹر جہانزیب سے واپس لیکر ڈی ایس پی اورنگی ٹائون زاہد حسین کے سپرد کرنے کے احکامات جاری کیے گئے لیکن چند گھنٹوں کے اندر ہی مقدمے کی تفتیش انسپکٹر جہانزیب کے سپرد کردی گئی۔




ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے انسپکٹر جہانزیب کا کہنا تھا کہ مقدمے کی تفتیش ان کے سپرد کردی گئی ہے ، علاوہ ازیں واقعے میں جاں بحق ہونے والے افراد میں سے تاحال19لاشوں کی شناخت نہیں ہوسکی ہے اور ان کے ڈی این اے ٹیسٹ کی رپورٹس اب تک موصول نہیں ہوسکی ہیں ۔
Load Next Story