لائن آف کنٹرول پربھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے خاتون شہید

بھارتی فوج نہتے شہریوں کو نشانہ بنا کر انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کررہی ہے، وزیراعظم آزاد کشمیر

بھارتی فوج نہتے شہریوں کو نشانہ بنا کر انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کررہی ہے، وزیراعظم آزاد کشمیر ۔ فوٹو: فائل

لائن آف کنٹرول پر بھارت کی اشتعال انگیزی کا سلسلہ جاری ہے اور ضلع بھمبر کے سماہنی سیکٹر میں بھارتی فوج کی فائرنگ اور گولہ باری سے ایک خاتون شہید ہوگئیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فورسز نے لائن آف کنٹرول پر سیز فائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ضلع بھمبر کے سماہنی سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی جس کے نتیجے میں ایک خاتون شہید ہوگئیں جب کہ خاتون کی شناخت فرزند بی بی زوجہ نور حسین کے نام سے ہوئی۔




دوسری جانب آزاد کشمیر کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے بھارتی فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت بھارتی فوج لائن آف کنٹرول پر نہتے شہریوں کو نشانہ بنا کر انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کررہی ہے۔ انہوں نےعالمی برادری سے بھارتی فورسز کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی مسلسل خلاف ورزی کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔

واضح رہے بھارتی اشتعال انگیزی سے رواں ماہ جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 3 ہوگئی جب کہ درجنوں افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
Load Next Story