لاہورچیمبرنے شرح سود میں نمایاں کمی کامطالبہ کر دیا

1 فیصد کمی سے فائدہ نہیں ، اسٹیٹ بینک ریٹ سنگل ڈیجٹ تک لانے کا اعلان کرے، عرفان قیصر

1 فیصد کمی سے فائدہ نہیں ، اسٹیٹ بینک ریٹ سنگل ڈیجٹ تک لانے کا اعلان کرے، عرفان قیصر

لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر مارک اپ ریٹ فوری طور پر کم نہ کیا گیا تو معاشی مسائل کے حل اور استحکام کے حصول کیلیے تمام اقدامات رائیگاں جائیں گے لہٰذا اسٹیٹ بینک آف پاکستان 10اگست کو پیش کی جانے والی مانیٹری پالیسی میں مارک اپ ریٹ سنگل ڈیجٹ تک لانے کا اعلان کرے۔

ایک بیان میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عرفان قیصر شیخ نے کہا کہ موجودہ حالات کے پیش نظر اسٹیٹ بینک آف پاکستان کاروباری شعبے کو آسان ترین قرضوں کی فراہمی یقینی بنائے تاکہ صنعت کاری کا عمل تیز اور بیروزگاری کا گراف نیچے آئے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی مسائل کے شکار کسی بھی ملک میں مارک اپ کی شرح کم کی جاتی ہے لیکن پاکستان میںصورتحال الٹ ہے۔


گزشتہ 2سال کے دوران یورپ اور امریکا نے معاشی بحران سے بچنے کیلیے مارک اپ ریٹ میں بہت زیادہ کمی کی، مانیٹری پالیسی کے موقع پر مارک اپ کی شرح میں ایک فیصد تک کمی کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا، نجی شعبے کو زیادہ پیداواری لاگت سمیت بہت سے مسائل کا سامنا ہے، نہ صرف نئے صنعتی پراجیکٹس میں سرمایہ کاری رکی ہوئی ہے بلکہ سرمائے کی دیگر ممالک منتقلی کا رحجان بڑھ رہا ہے جو حکومت کیلیے لمحہ فکریہ ہونا چاہیے۔

عرفان قیصر شیخ نے حکومت پر زور دیا کہ وہ بلاجواز قرضے لینے سے گریز کرے کیونکہ بھاری حکومتی قرضوں کی وجہ سے افراط زر کی شرح بھی بہت زیادہ ہے جس کی نشاندہی اسٹیٹ بینک آف پاکستان بھی کرچکا ہے، مانیٹری پالیسی کا محور مارک اپ اور افراط زر کی شرح میں کمی ہونا چاہیے۔
Load Next Story