سٹی کورٹ میں جھگڑے پر لڑکی سمیت 3 افراد گرفتار

عدالت میں جھگڑے پر تھانہ سٹی کورٹ نے تینوں افرادکو جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کے روبرو پیش کردیا۔

عدالت نے نکاح نامہ پیش نہ کرنے پر ملزمان کوجیل اورلڑکی کودارالامان بھیج دیا۔ فوٹو: ایکسپریس / فائل

تھانہ سٹی کورٹ نے پسند کی شادی کرنے کی غرض سے کوئٹہ سے فرار ہوکر کراچی آنے والے پریمی جوڑے کو احاطہ سٹی کورٹ میں جھگڑے پر دوران نقص امن کے تحت گرفتار کرلیا۔


عدالت نے ملزمان کو جیل اور لڑکی کو دارالامان بھیج دیا ہے،تفصیلات کے مطابق ہفتے کوکوئٹہ سے پسند کی شادی کرنے کیلیے مساۃ رخسار اورعبداﷲ سٹی کورٹ آئے تھے، لڑکی کے چچا اختر خان ان کی تلاش میں پہلے ہی سے سٹی کورٹ میں موجود تھا ،دونوں کو دیکھ کر لڑکی کو زبردستی ہمراہ لے جانے کی کوشش کی جس پر عبداﷲ اور اس کے درمیان ہاتھا پائی ہوگئی،لڑکی نے شورمچادیا ، شور شرابے کے باعث تھانہ سٹی کورٹ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تینوں افرادکو نقص امن کے تحت گرفتار کرلیا تھا اور جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی عزیز الرحمن کے روبرو پیش کردیا۔

اس موقع پر لڑکی نے عدالت کو بتایا کہ اس نے عبداﷲ سے دو روز قبل شادی کرلی ہے،فاضل عدالت نے نکاح نامہ طلب کیا تاہم وہ نکاح نامہ پیش کرنے میں ناکام رہے، لڑکی کے چچا نے عدالت کو بتایا کہ اس کے والد شاہ زیب نے کوئٹہ کے متعلقہ تھانے میں اغوا کا مقدمہ درج کرایا ہے، فاضل عدالت نے دونوں کو جیل اور رخسار کو دارالامان بھیج دیا ہے۔
Load Next Story