مڈل آرڈر ناکام پاکستان کیلئے خطرے کی گھنٹی بج گئی

105 کی اوپننگ شراکت کے بعد6 وکٹیں صرف 40 رنز کے اندر گرگئیں،329 پرآئوٹ،سرفراز نروس نائنٹیز کا شکار۔

جنوبی افریقی الیون کی 213 پر7وکٹیں اڑگئیں،جارسویلڈکے92 رنز، سعید اجمل اور عمرگل نے2،2پلیئرز کو رخصت کیا۔ فوٹو: اے ایف پی/ فائل

چار روزہ ٹور میچ میں مڈل آرڈر بیٹنگ کی ناکامی سے پاکستان کیلیے خطرے کی گھنٹی بج گئی، 105 کی اوپننگ شراکت کے بعد 6 وکٹیں صرف 40 رنز کے اندر گرگئیں۔

ٹیم 329 پرآئوٹ ہوئی،سرفراز نروس نائنٹیز کا شکار بنے، جواب میں بولرز نے جنوبی افریقی انوی ٹیشن الیون کی 213 رنز پر 7 وکٹیں اڑادیں، وین جارسویلڈ نے 92 رنز اسکورکیے، کم روشنی کے باعث دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے پر ڈین ولاس 31 رنز پر کھیل رہے تھے، ابھی میزبان الیون 116 رنز خسارے کا شکار جبکہ 3 وکٹیں باقی ہیں، سعید اجمل اور عمرگل نے دو، دو وکٹیں لیں۔

تفصیلات کے مطابق ٹور میچ میں پاکستان کا مڈل آرڈر بُری طرح ناکام ثابت ہوا تاہم ٹیل اینڈرز نے ٹیم کو مکمل تباہی سے بچالیا، محمد حفیظ اور ناصر جمشید نے ٹیم کو 105 رنز کا آغاز فراہم کیا مگر پھر 6 وکٹیں صرف 40 رنز کے اندر گرگئیں، حفیظ 55 رنز پر ایبٹ کی گیند پر پٹک کا کیچ بن گئے، اظہرعلی صرف 2 رنز بناکر ہارمیر کی گیند پر چیٹی کے ہاتھوں کیچ ہوگئے، یونس خان کو 5 رنز پر ہینڈرکس نے وکٹ کیپر ولاس کی مدد سے میدان بدر کیا، کپتان مصباح الحق 4 رنز بناکر ہینڈرکس کی دوسری وکٹ بنے، کیچ جارسویلڈ نے تھاما، اسدشفیق بھی 4 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، انھیں ایبٹ نے بولڈ کیا، ناصر جمشید بھی آخرکار 68 رنز بناکر آئوٹ ہوگئے، انھیں ہارمیر نے چٹی کی مدد سے قابو کیا۔




اس موقع پر وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد اور عمرگل اسکور کو 145 سے 226 تک لے گئے، عمرگل (49) ہارمیر کی گیند پر کاٹ بی ہائنڈ ہوئے، سعید اجمل (4) کو ایبٹ نے آئوٹ کیا، جنید نے ہارمیر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہونے سے قبل 26 رنز بنائے، سرفراز خان نے 161 گیندوں پر 12 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 93 رنز اسکور کیے،ہارمیر کی گیند پر ایبٹ نے ان کا کیچ تھاما۔

جواب میں پاکستانی بولرز نے جنوبی افریقن انوی ٹیشن الیون کی 213 رنز پر 7 وکٹیں اڑادیں، اننگز کے آغاز میں ہی پیس اٹیک نے حریف ٹاپ آرڈر پر زوردار اٹیک کرتے ہوئے 31 رنز پر تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کردیا، اینڈریو پٹک (8) کو جنید خان نے ایل بی ڈبلیو کیا، دوسرے اوپنر جیکبز (19) اور کوڈے چیٹی (0) کو عمرگل نے ایک ہی اوور میں پویلین واپس بھیجا،اس موقع پر ووگن وان جارسویلڈ اور وان زیل نے ذمہ دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے مجموعے کو 120 تک پہنچایا، وان زیل 45 کے اسکور پر رن آئوٹ ہوئے، کپتان جسٹن اونٹونگ 7 رنز بناکر محمد عرفان کی گیند پر وکٹ کیپر سرفراز احمد کا کیچ بن گئے، جارسویلڈ کی اننگز کا 92 رنز پر سعید اجمل کے ہاتھوں اختتام ہوا، وین پارنیل 3 رنز بناکر سعید اجمل کی دوسری وکٹ بنے، کیچ عرفان نے تھاما۔
Load Next Story