عدلیہ کو دھمکیاں دینے پر نہال ہاشمی کو گرفتار کیا جائے تحریک انصاف

نہال ہاشمی کا بیان بغاوت اور دہشت گردی کے مترادف ہے، ترجمان تحریک انصاف

ججز اور جے آئی ٹی کیخلاف سازش کامیاب نہیں ہونے دینگے، رہنما پی ٹی آئی۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD:
پاکستان تحریک انصاف نے مسلم لیگ ن کے سینیٹر نہال ہاشمی کی متنازع تقریر پر ردعمل میں کہا کہ نہال ہاشمی کو کھلے عام عدلیہ اور جے آئی ٹی کو دھمکیاں دینے کے جرم میں گرفتار کیا جائے۔

الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ نہال ہاشمی کا بیان بغاوت اور دہشت گردی کے مترادف ہے، تحریک انصاف اور عوام سپریم کورٹ کے ججز اور جے آئی ٹی کیخلاف کسی سازش کامیاب نہیں ہونے دینگے۔


فواد چوہدری نے کہا کہ آرٹیکل 190 کے تحت فوج کی ذمے داری ہے کہ سپریم کورٹ کے احکامات پرعملدرآمد کو یقینی بنائے۔ سازشی ٹولہ جے آئی ٹی اور اداروں کو پھنسانا چاہ رہا ہے تاکہ تفتیش رک جائے۔ ججزکے خلاف اسکینڈل بنانا قابل مذمت ہے۔ نہال ہاشمی نے کھلی دھمکی ہے، اس پرتحریک انصاف کو تشویش ہے۔ حسین نواز کی پیشی کے بعد اسلام آباد میں صورتحال تبدیل ہورہی ہے۔ 48 گھنٹوں میں سپریم کورٹ اور جے آئی ٹی کے خلاف مہم شروع کردی گئی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے کہا کہ نہال ہاشمی نے پاناما کیس میں قائم جے آئی ٹی کو دھمکیاں دیں ۔ عدلیہ اور جے آئی ٹی کو دھمکیاں دینے پر انہیں گرفتار کیا جائے۔

اسد عمر نے سوال کیا کہ کیا پاکستانی اداروں کے دبنگ محافظ چوہدری نثار حرکت میں آئیں گے۔ کیا وہ ججز، عدالت اور جے آئی ٹی کو دی جانے والے سنگین دھمکیاں کسی نوٹس کے بغیر جانے دیں گے۔ عدالت اور جے آئی ٹی کو کھلے عام دھمکانے والے نہال ہاشمی کی گرفتاری کا پروانہ کب جاری کریں گے۔
Load Next Story