کراچی کے پانچوں اضلاع میں مانیٹرنگ اور رابطہ کار کمیٹیاں قائم کرنیکا فیصلہ

حکومت سندھ نے کراچی میں امن کیلئے سیاسی، مذہبی جماعتوں، تاجر تنظیموں اور عمائدین کو شامل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے

قیام امن کے لئے کراچی کے پانچوں اضلاع میں خصوصی مانیٹرنگ سیل اور رابطہ کار کمیٹیاں قائم کی جائیں گی۔ فوٹو: ایکسپریس

کراچی میں قیام امن، تاجروں اور صنعتکاروں کی شکایات کے ازالے کے لیے حکومت سندھ نے پانچوں اضلاع میں خصوصی مانیٹرنگ سیل اور رابطہ کار کمیٹیاں قائم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

ان کمیٹیوں کے سربراہ متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز ہونگے، ذرائع کے مطابق حکومت سندھ نے کراچی میں امن قائم کرنے کے لیے سیاسی، مذہبی جماعتوں، تاجر تنظیموں اور عمائدین کو شامل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے،اس حوالے سے مختلف تجاویز پر مشاورت بھی مکمل کرلی گئی ہے اور اقدامات کا فیصلہ کرلیا گیا ہے،ان اقدامات کے پہلے مرحلے میں کراچی کے پانچوں اضلاع میں خصوصی مانیٹرنگ سیل اور رابطہ کار کمیٹیاں قائم کی جائیں گی۔

ان کمیٹیوں میں ہر ضلع کے منتخب ارکان اسمبلی، ٹائون پولیس افسران، سیاسی و مذہبی جماعتوں کے نمائندے اور تاجر تنظیموں کے رہنما شامل کیے جائیں گے، یہ کمیٹیاں متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز قائم کریں گے، یہ کمیٹیاں اپنے اپنے ضلع کی حدود میں قیام امن، مذہبی رواداری کے قیام، بھائی چارگی کی فضا پیدا کرنے اور دیگرامور کے حوالے سے کام کریں گی۔


 



ہر ضلع کی کمیٹی قیام امن کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز سے رابطے میں رہیں گی،دوسرے مرحلے میں ہر ضلع میں مانیٹرنگ سیل قائم کیے جائیں گے،یہ مانیٹرنگ سیل ڈپٹی کمشنرز کے دفاتر میں قائم کیے جائیں گے،ان مانیٹرنگ سیل کے ٹول فری نمبرز جاری کیے جائیں گے۔

ان نمبرز پر شہری امن و امان کے حوالے سے شکایات کا اندراج کراسکیں گے اوریہاں جو شکایات درج ہونگی اسے متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز فوری طور پر حل کرنے کے لیے متعلقہ اداروں سے رابطے کریں گے،یہ تمام سیل اور رابطہ کار کمیٹیاں کمشنر کراچی کی نگرانی میں کام کریں گی۔
Load Next Story