سوشل میڈیا فلم اور میوزک کی تشہیر کا بہترین ذریعہ ہے آمنہ الیاس

راتوں رات دنیا بھر میں شناخت بنانا آسان نہیں مگر سوشل میڈیا نے یہ سب کچھ آسان کردیا ہے، اداکارہ

 فلموں، ڈراموں اورمیوزیکل پروگراموں سے آگاہی کے لیے سوشل میڈیا سے بہترکوئی ذریعہ نہیں مگر اسے استعمال نہیں کیا جارہا، اداکارہ۔ فوٹو: فائل

معروف ماڈل واداکارہ آمنہ الیاس نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا کا اگردرست طریقے سے استعمال کیاجائے تواس کے فائدہ زیادہ اورنقصانات کم ہیں۔

''ایکسپریس'' سے بات کرتے ہوئے اداکارہ آمنہ الیاس نے کہا کہ راتوں رات شہرت کی بلندیوں پرپہنچنا یا ایک ہی بیان اورتصویر کے ذریعے پوری دنیا میں اپنی شناخت بنانا کوئی آسان کام نہیں ہے لیکن سوشل میڈیا نے یہ سب کچھ آسان کردیا ہے۔ مگر اس ٹیکنالوجی کو لوگوںکی اکثریت درست سمت میں نہیں بلکہ منفی ہتھکنڈوں کے لیے استعمال کرنے لگی ہے، جوکہ درست نہیں۔ فلمی صنعت کے لوگوں کوبھی اس کی اہمیت کوسمجھنا چاہیے اوراپنی فلموں، میوزک اوردیگرپروجیکٹس کی تشہیر کے لیے سوشل میڈیا کواستعمال میں لانا چاہیے۔


آمنہ الیاس نے کہا کہ دنیا بھرمیں سوشل میڈیا کوقدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ مغربی ممالک میں تو سوشل میڈیا نے دھوم مچا رکھی ہے۔ دنیا بھر کی معروف شخصیات اب اس میڈیم کی اہمیت کوسمجھتے ہوئے اس سے استفادہ کررہے ہیں، لیکن بدقسمتی سے ہمارے ہاں اتنے برس گزرنے کے باوجود سوشل میڈیا کا استعمال صرف اورصرف منفی سرگرمیوں کے لیے ہورہا ہے۔

اداکارہ نے کہا کہ دیکھا جائے تواس وقت آن لائن کاروبار کے ذریعے لوگ لاکھوں، کروڑوں روپے کمارہے ہیں، جب کہ شوبز کی دنیا کی بات کریں تو سوشل ویب سائٹس پرفلموں، ڈراموں اورمیوزیکل پروگراموں کی پروموشن اوران سے آگاہی کے لیے سوشل میڈیا سے بہترکوئی دوسرا ذریعہ نہیں مانا جارہا ہے۔ اس کے باوجود ہمارے ملک میں تاحال سوشل میڈیا کووہ مقام نہیں مل سکا، جواس وقت دنیا بھرمیں اس کومل رہا ہے۔

آمنہ کا کہنا تھا کہ وہ سمجھتی ہیں کہ سوشل میڈیا کے ذریعے ہمیں اپنی شوبزسرگرمیوں کو زیادہ زیادہ پروموٹ کرنا چاہیے کیونکہ پاکستان کے سافٹ امیج سے ہی ہماری فلم انڈسٹری کوترقی ملے گی اورلوگوں کی توجہ بھی حاصل ہوگی۔ موجودہ دورمیں ہم جتنی بھی اچھی فلم بنا لیں لیکن اس کا رسپانس اس وقت تک نہیں ملے گا، جب تک دنیا بھرکے لوگ اس کودیکھ نہیں لیتے۔
Load Next Story