تعلیم اور تحقیق کیلیے بجٹ میں اضافہ ضروری ہے مقررین

جامعہ کراچی میں نویں بائینل انٹرنیشنل کانفرنس سے ماہرین کا اظہار خیال

اس کانفرنس میں 300 سے زائد سائنسدان اپنے تحقیقی مقالے پیش کررہے ہیں۔ فوٹو: فائل

تعلیم اور تحقیق پر حکومتی توجہ اور بجٹ میں اضافہ نہایت ضروری ہے ۔

بدقسمتی سے پاکستان میں اس طرف توجہ نہیں دی جاتی پاکستان میں 63 فیصد کے قریب طلبا معیاری تعلیم حاصل نہیں کر پاتے جبکہ 50 فیصد اپنا نام لکھنا پڑھنا نہیں جانتے مہلک امراض کے ملک سے خاتمے کیلیے سائنسی تحقیق پر توجہ دینا ہوگی اس سلسلے میں طویل المدتی منصوبہ بندی کی ضرورت ہے ان مسائل سے نمٹنے کیلیے امریکن سوسائٹی فارمائیکروبیالوجی اور پاکستان سوسائٹی فار مائیکرو بیالوجی کا جامعہ کراچی کے ساتھ تعاون اور ''نویں بائینل انٹر نیشنل کانفرنس'' کا انعقاد قابل تعریف ہے۔


ان خیالا ت کا اظہار آئی سی سی بی ایس آڈیٹوریم جامعہ کراچی میں منعقدہ سیمینار سے خطاب میں شیخ الجامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر محمد قیصر، پروفیسر ڈاکٹر شاہانہ عروج کاظمی ،پروفیسر ڈاکٹر عبدالستار ،پروفیسر ڈاکٹر خلیل چشتی ،ڈاکٹر عطاالرحمن ،ڈاکٹر جیسن رائو اور ڈاکٹر عقیل احمد نے کیا اس موقع پر مقررین نے مزید کہا کہ پاکستان اس وقت بے پناہ مسائل کا شکار ہے ماحولیاتی آلودگی ،مویشیوں اور فصلوں کی بیماریوں سے معیشت پر منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں۔



ان جیسے مزید مسائل کے حل کیلیے ''نویں بائینل انٹر نیشنل کانفرنس '' کا انعقاد کیا گیا ہے، اس کانفرنس میں 300 سے زائد سائنسدان اپنے تحقیقی مقالے پیش کررہے ہیں، انھوں نے کہا کہ کانفرنس کے انعقاد کا ایک مقصد سائنس کے مختلف شعبوں میں جاری ترقی اور جدید رجحانات سے آگہی فراہم کرنا اور نوجوان سائنسدانوںکو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا بھی ہے کالجوں اور جامعات کے اساتذہ کو موقع فراہم کیا گیا ہے کہ وہ نئے رجحانات ،مسائل اور موجودہ سہولیات کو زیر بحث لاتے ہوئے مائیکروبیالوجی اور مالیکیولر بائیوٹیکنالوجی کے مضامین کو پاکستانی تعلیمی اداروں میں پڑھائیں،کانفرنس31 جنوری تک جاری رہے گی۔
Load Next Story