معاوضوں کا تنازع وارنر نے پھر ایشز کے بائیکاٹ کی وارننگ دیدی

اگر یکم جولائی کو بے روزگار ہوئے تو آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے ، آسٹریلین اوپنر

اگر یکم جولائی کو بے روزگار ہوئے تو آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے ، آسٹریلین اوپنر۔ فوٹو: فائل

معاوضوں کے تنازع پر اوپنر ڈیوڈ وارنر نے ایک بار پھر ایشز کے بائیکاٹ کی وارننگ جاری کردی۔

ڈیوڈ وارنر نے جب کچھ عرصہ قبل معاوضوں کا تنازع حل نہ ہونے پر ایشز سیریز کے بائیکاٹ کا عندیہ دیا تھا تو مختلف حلقوں کی جانب سے ان پر سخت تنقید بھی ہوئی تھی، ان کی امارت، پراپرٹی اور گاڑیوں کے حوالے سے بھی باتیںہوئیں تاہم وارنر نے اب ایک بار پھر ایشز بائیکاٹ کی وارننگ جاری کردی ہے۔

اوپنر کہتے ہیں کہ جو میں نے پہلے کہا تھا اب بھی اس پر قائم ہوں اگر ہم بے روز گار ہوں گے، ہمارے پاس کنٹریکٹس نہیں ہوں گے تو پھرہم کھیل بھی نہیں سکتے، جہاں تک میری ذاتی رائے ہے اور جو لڑکوں سے بات ہوئی ہے ہم سب ہی اب اور یکم جولائی کے درمیان میں کچھ مثبت ہوتا ہوا دیکھنا چاہتے ہیں، یہ معاملہ آسٹریلین کرکٹرز ایسوسی ایشن کے محفوظ ہاتھوں میں ہے اور وہی کرکٹ آسٹریلیا سے بات چیت کررہی ہے، ہمیں امید ہے کہ جلد ہی کوئی معاہدہ ہوجائے گا۔


وارنر نے کہا کہ میرے پس منظر اور ماضی کے بارے میں باتیں ہوئی، میں اپنے سارے پلیئرز کیلیے کھڑا ہوا ہوں، ہم ہمیشہ ہی مناسب حصہ اور برابری چاہتے ہیں اور اسی بات پر سختی سے ڈٹے ہوئے ہیں، لوگوں کی اپنی رائے ہوتی ہے جہاں تک میرا تعلق ہے تو اس سے پہلے میرے بارے میں جو کچھ لکھا گیا اور جو اب لکھا جارہا ہے، اس کا میں نے کبھی بھی نوٹس نہیں لیا، میری پوری سپورٹ اپنے ساتھی کھلاڑیوں کیساتھ اور ہم سب ایک ہیں۔

اوپنر نے مزید کہا کہ کرکٹ آسٹریلیا جو کررہا اور کہہ رہا ہے وہ ہمیں میڈیا کے توسط سے معلوم ہوتا ہے، ہم کسی بھی قسم کی ڈائریکٹ آفر قبول نہیں کریں گے۔

وارنر نے واضح کیا کہ بورڈ کے ساتھ جاری تنازع کے باوجود ٹیم کی توجہ مکمل طور پر چیمپئنز ٹرافی پر ہی مرکوز ہے۔

 
Load Next Story