ایڈوانس ٹیکس کے ذریعے موبائل فون صارفین کا استحصال

نان فائلرز کو واپسی ممکن نہیں، رپورٹ

نان فائلرز کو واپسی ممکن نہیں، رپورٹ۔ فوٹو: فائل

کم آمدن والے موبائل فون صارفین پر عائد ایڈوانس انکم ٹیکس اور ریگولر ٹیکس حکومت کیلیے اربوں روپے سالانہ کی آمدنی کا ذریعہ بنے ہوئے ہیں۔

غریب امیر پر یکساں ٹیکس کے نفاذ کی وجہ سے ملک میں 13 کروڑ نان فائلرز موبائل فون صارفین اور3کروڑ انٹرنیٹ صارفین ایڈوانس انکم ٹیکس کی مد میں 81ارب روپے ادا کریں گے۔ گوشوارے جمع کرانیوالے صارفین اپنا ایڈوانس انکم ٹیکس ایڈجسٹ کراسکتے ہیں لیکن فائلرز کے لیے مقررہ پیمانے پر پورا نہ اترنے والے صارفین کے 81ارب روپے حکومت کی اضافی آمدن کا حصہ بنیں گے۔

ملک میں موبائل فون صارفین کی تعداد 14کروڑ جبکہ انٹرنیٹ صارفین کی تعداد 4کروڑ 25لاکھ ہے جو موبائل فون اور انٹرنیٹ کے 100روپے کے استعمال پر 29/29 روپے ایڈوانس ٹیکس اور ریگولر ٹیکس کی مد میں ادا کررہے ہیں۔ انکم ٹیکس آرڈیننس کے مطابق ملک میں 500 اسکوائر گز یا اس سے زائد کی غیرمنقولہ جائیداد کے مالک یا 2ہزار اسکوائر فٹ یا اس سے زائد کے رقبے کے فلیٹ کے مالک یا 1000سی سی یا اس سے زائد طاقت کی گاڑی کے مالک ہوں آمدن کے گوشوارے جمع کرانے کے پابند ہیں تاہم ملک میں موبائل فون اور انٹرنیٹ استعمال کرنے والے صارفین کی اکثریت اس اہلیت پر پورا نہ اترنے کے باوجود ایڈوانس انکم ٹیکس اور ریگولر ٹیکس ادا کررہے ہیں۔ 20کروڑ سے زائد کی آبادی میں سے آمدن کے گوشوارے جمع کرانے والے افراد کی تعداد 11لاکھ 58ہزار ہے جو اپنے موبائل فون یا انٹرنیٹ کے بلوں پر ادا شدہ 14فیصد ایڈوانس انکم ٹیکس ایڈجسٹ کرالیتے ہیں تاہم 13کروڑ 88لاکھ موبائل فون صارفین اور 4کروڑ 13لاکھ انٹرنیٹ صارفین آمدن کے گوشوارے جمع نہیں کراتے اور ان کے بلوں سے منہا کیے گئے ایڈوانس انکم ٹیکس کی رقوم بھی واپس نہیں ملتیں۔


آمدن کے گوشوارے جمع نہ کرانے والے 13کروڑ 88لاکھ صارفین میں سے 13کروڑ صارفین کا شمار کم آمدن والے طبقے میں کیا جاتا ہے جن پر انکم ٹیکس آرڈیننس کے قوانین کا اطلاق نہیں ہوتا۔ مذکورہ صارفین 300روپے ماہانہ موبائل فون کے استعمال پر 14فیصد ایڈوانس انکم ٹیکس کی مد میں حکومت کو ماہانہ 5ارب46کروڑ روپے ادا کررہے ہیں۔

آئندہ مالی سال کیلیے تجویز کردہ 12.5فیصد ایڈوانس ٹیکس کی شرح کے حساب سے 13کروڑ موبائل فون صارفین حکومت کو پورے سال میں 58ارب 50کروڑ روپے کے ایڈوانس ٹیکس ادا کریں گے جو گوشوارے جمع نہ کرانے کی وجہ سے کبھی ایڈجسٹ نہیں کرائے جائیں گے اور حکومتی آمدن کا حصہ بنیں گے۔

اسی طرح ملک میں انٹرنیٹ ستعمال کرنیوالے 4کروڑ 25لاکھ صارفین میں سے 3 کروڑ نان فائلرز نے 500روپے ماہانہ کے استعمال پر حکومت کو 14فیصد ایڈوانس ٹیکس کی مد میں 2 ارب 10کروڑ ماہانہ ادا کیے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں 12.5فیصد ایڈوانس انکم ٹیکس کی مد میں انٹرنیٹ صارفین ماہانہ ایک ارب 87کروڑ روپے جبکہ سالانہ 22ارب 50کروڑ روپے ادا کریں گے جو ایڈجسٹ نہیں کرائے جائیں گے۔

 
Load Next Story