سابق ہاکی اسٹارز پلیئرز میں جیت کا جذبہ جگائیں گے

7 جون سے شیڈول رمضان ہاکی فیسٹیول میں قومی فاتح کپتانوں کو مدعو کیا جائیگا

7 جون سے شیڈول رمضان ہاکی فیسٹیول میں قومی فاتح کپتانوں کو مدعو کیا جائیگا۔ فوٹو: فائل

پاکستان ہاکی فیڈریشن نے نوجوان کھلاڑیوں میں جیت کی تڑپ پیدا کرنے کے لیے ماضی کے عظیم پلیئرز کی خدمات حاصل کرنے کا پروگرام بنالیا، منصوبے کا آغاز 7جون سے ملک بھر میں شیڈول رمضان ہاکی فیسٹیول کے مقابلوں سے ہوگا۔

ہاکی پاکستان کا واحد کھیل ہے جس کو ملکی کھیلوں میں سب سے زیادہ عالمی میڈلز جیتنے کا اعزاز حاصل ہے، پاکستان ہاکی میں اب تک مجموعی طور پر تمغے حاصل کر چکا ہے، گولڈ میڈلز کی تعداد 29 ہے جن میں ورلڈ کپ میں 4، اولمپکس 3، چیمپنز ٹرافی3، ایشین چیمپنز ٹرافی2، ایشیا کپ 3، سلطان اذلان شاہ 3، ایشین گیمز 8، اور ساؤتھ ایشین گیمز میں سونے کے تمغوں کی تعداد 3 ہے۔

دنیا بھر میں اپنے کھیل کے ذریعے پاکستان کا سبز ہلالی پرچم لہرانے والے مایہ ناز سابق کھلاڑیوں کی بڑی تعداد اب بھی حیات ہے اور وہ ملک بھر کے مختلف علاقوں میں رہائش پذیر ہے، پاکستان ہاکی فیڈریشن نے رواں ماہ رمضان المبارک ٹورنامنٹ کے انعقاد کا پروگرام بنا رکھا ہے، یہ مقابلے 7 جون سے شروع ہو کر 23 جون تک ملک بھر میں جاری رہیں گے۔


مقابلوں کا آغاز مردان ہاکی لیگ سے ہوگا، مقابلوں میں اسکولوں،کلبوں، ڈسٹرکٹ، صوبائی اور محکموں کے فائیو اے سائیڈ، سیون اے سائیڈ، نائن اے سائیڈ اور الیون اے سائیڈ کے ہاکی ٹورنامنٹس کے ساتھ ہاکی فیسٹیول بھی منعقد کیے جائیں گے۔

ایونٹ کا آغاز مردان ہاکی لیگ سے ہوگا، جس کے بعد اس کے مقابلے ایبٹ آباد، پشاور، نوشہرہ، مالاکنڈ، بونیر، راولہ کوٹ، گلگت، اسکردو، فاٹا، کراچی، حیدر آباد، سکھر، ملتان، اوکاڑہ، ساہیوال، وہاڑی، فیصل آباد، گوجرہ، ننکانہ صاحب، شیخوپورہ، لاہور، گوجرہ، راولپنڈی و دیگر شہروں میں بھی ہوں گے۔ ان گیمز کا اختتام لاہور میں ہوگا۔

ذرائع کے مطابق ان ایونٹس کے دوران 1968 اولمپکس کی فاتح ٹیم کے کپتان ڈاکٹر طارق عزیز، 1984 اولمپکس کے کپتان منظور جونیئر سمیت خواجہ ذکا الدین سمیت ماضی کے عظیم کھلاڑیوں کو بطور مہمان خصوصی مدعو کیا جائے گا اور کھلاڑیوں میں جیت کی تڑپ پیدا کرنے کے لیے ان اولمپئنز کے خصوصی لیکچرز کا انعقاد بھی ممکن بنایا جائے گا۔

 
Load Next Story