پنجاب حکومت کے اربوں روپے کے رمضان پیکیج سے عوام مستفید ہورہے ہیں شہبازشریف

عوام کو ریلیف دینے کیلئے کئے جانے والے اقدامات کی ذاتی طورپرنگرانی کر رہا ہوں، وزیراعلی پنجاب

کسی کو ناجائز منافع خوری ، ذخیرہ اندوزی کے نام پر عوام کا استحصال نہیں کرنے دیا جائے گا، شہبازشریف: فوٹو: فائل

PESHAWAR:
وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے اربوں روپے کے رمضان پیکیج سے عوام مستفید ہورہے ہیں۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کی سربراہی میں اجلاس ہوا جس میں ماہ رمضان کے بابرکت مہینے میں عوام کو اشیائے کور و نوش کی بارعایت قیمتوں میں فراہمی کا جائزہ لیا گیا۔


اجلاس کے دوران شہباز شریف نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران عوام کو مقررکردہ نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی فراہمی کیلئے موثر اقدامات کئے گئے ہیں، پنجاب حکومت کی جانب سے اربوں روپے کے رمضان پیکیج سے عوام مستفید ہورہے ہیں جب کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے کی قطعاً اجازت نہیں دی جائے گی۔ سستے رمضان بازاروں کے ساتھ اوپن مارکیٹ میں بھی اشیائے ضروریہ کی وافر اور مقررہ نرخوں پر فراہمی کو یقینی بنانا انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔ سستے آٹے کی فراہمی پر 8 ارب 78 کروڑ روپے کی سبسڈی سے عوام کو حقیقی ریلیف ملا ہے، عوام کو ریلیف دینے کیلئے کئے جانے والے اقدامات کی ذاتی طور پر نگرانی کر رہا ہوں اور کسی کو ناجائز منافع خوری ، ذخیرہ اندوزی کے نام پر عوام کا استحصال نہیں کرنے دیا جائے گا۔

شہبازشریف نے کہا کہ پنجاب حکومت نے تاریخ میں پہلی بار 9 ارب روپے سے زائد کا رمضان پیکیج عوام کو ریلیف مہیا کرنے کیلئے دیا ہے جب کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبائی کابینہ کمیٹی برائے پرائس کنٹرول کو ہدایات بھی کی کہ رمضان پیکیج کی پائی پائی عوام تک پہنچانے کے حوالے سے اقدامات تسلسل کے ساتھ جاری رکھے جائیں۔
Load Next Story