واپڈا افسران شہباز شریف کی پالیسی پر عمل پیرا ہیںشجاعت

پنجاب میں لوڈشیڈنگ کے نام پر پچھلے الیکشن میں جعلی آٹا بحران جیسا کھیل کھیلا جا رہا ہے

پنجاب میں لوڈشیڈنگ کے نام پر پچھلے الیکشن میں جعلی آٹا بحران جیسا کھیل کھیلا جا رہا ہے۔ فائل فوٹو

مسلم لیگ (ق) کے صدر سینیٹر چوہدری شجاعت حسین نے کہاہے کہ ہمارے ارکان اسمبلی پنجاب حکومت کی جانب سے لوڈشیڈنگ کے نام پر وفاقی حکومت کو بدنام کرنے اور ڈیولپمنٹ فنڈزکی تقسیم میں ناانصافی کے خلاف احتجاج کررہے تھے۔

گذشتہ روز ارکان نے اجلاس میں ان چیزوں کو اجاگر کیا کہ شہباز کے پسندیدہ افسران لوڈشیڈنگ کا باعث بن رہے ہیں اور وہ جان بوجھ کر سحری اور افطار کے وقت بجلی بند کر دیتے ہیں تاکہ عوام وفاقی حکومت کو برا بھلا کہے یہ ویسا ہی کھیل کھیلا جا رہا ہے جیسا کہ پچھلے الیکشن میں نگران حکومت نے کھیلا تھا اور آٹے کا جعلی بحران پیدا کر دیا تھا، واپڈا افسران شہباز شریف کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں، بجلی کے بحران کی تمام تر ذمہ داری شہباز پر عائد ہوتی ہے۔


انہوں نے وہی وطیرہ بنا رکھا ہے جو پچھلی نگران حکومت نے بنایا تھا، وفاقی حکومت کو بدنام کرنے کیلیے پنجاب حکومت دن رات ایک کئے ہوئے ہے اور اپنے پسندیدہ افسروں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ ہاتھ سے کوئی ایسا موقع نہ جانے دیں جس سے وفاقی حکومت بدنام ہو۔ وزیر پٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین نے شکایات سننے کے بعد چند افسران کو ٹرانسفر کرنے کے احکامات بھی جاری کرنے پڑے۔

چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ اجلاس میں ارکان نے احتجاج سوئی گیس ڈویلپمنٹ فنڈز کی کمی اور تقسیم میں ناانصافی کے خلاف کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ حقائق یہ ہیں کہ نواز لیگ کے ارکان قومی اسمبلی وفاقی حکومت کے خلاف تنقید کرتے ہیں اور رات کے اندھیرے میں وزیراعظم سے ملاقاتیں کرتے ہیں۔

Recommended Stories

Load Next Story